قائداعظم گولڈ کپ کے پہلے دن کے میچز گزشتہ رات کی بارش کی وجہ سے نہیں ہو سکے

قائداعظم گولڈ کپ کے پہلے دن کے میچز گزشتہ رات کی بارش کی وجہ سے نہیں ہو سکے

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام انٹرنیشنل سٹیل نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ 2019 ء برائے قائداعظم گولڈ کپ کے پہلے دن کے میچز گزشتہ رات کی بارش کی وجہ سے نہیں ہو سکے کیونکہ گراؤنڈ گیلا تھا۔لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ثاقب خان خاکوانی کے مطابق اب یہ میچز آج ماسٹر پینٹس بلیک اور بی بی جے کی ٹیموں کے درمیان دوپہر دو بجے جبکہ دوسرا میچ ڈائمنڈ پینٹس /نیوایج اور باڑیز کے درمیان ساڑھے تین بجے کھیلا جائے گا۔ ثاقب خاکوانی کے مطابق اس سال ٹاپ پانچ ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں ، ہر ٹیم میں ایک ایک غیرملکی کھلاڑی بھی شریک ہے۔ان ٹیموں میں ماسٹر پینٹس بلیک، بی بی جے پائپس، ماسٹر پینٹس،ڈائمنڈ پینٹس /نیوایج اور ٹیم باڑیز شامل ہیں۔ اس سال شیڈول میں کے مطابق ٹاپ ٹیم ڈائریکٹ فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گی۔ دوسرے اور تیسرے نمبر والی ٹیمیں آپس میں کھیلیں گی۔

جیتنے والی ٹیم پہلے نمبر والی کے ساتھ فائنل کھیلے گی۔دو ہفتے لیگ میچز کھیلے جائیں گے پھر آٹھ مارچ کو پلے آف اور پوزیشن میچز جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 10 مارچ بروز اتوار کو ساڑھے تین بجے کھیلا جائے گا۔ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیم میں صوفی محمد عامر، احمد علی ٹوانہ، راجہ تیمور ندیم اور متیاس وائل پیراز،بی بی جے کی ٹیم میں ممتاز عباس نیازی، بلال حئی، نکلوس کروٹی، احمد زبیر بٹ، ماسٹر پینٹس کی ٹیم میں فاروق امین صوفی، ثاقب خان خاکوانی،حمزہ مواز خان اور خوان کروز لوساڈا، ڈائمنڈ پینٹس /نیوایج کی ٹیم میں المان جلیل اعظم، میر شعیب احمد، حسام علی حیدر اور سلواڈور علاوا، باڑیز کی ٹیم میں نفیس باڑی، راجہ میکائل سمیع، راجہ سمیع اللہ اور باٹیسٹا بازوگر شامل ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -