تحصیل سطح پر سپورٹس کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری‘ ندیم سرور
لاہور (سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق تحصیل کی سطح پر سپورٹس کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، پنجاب کی ہرتحصیل میں سپورٹس کی بہترین سہولتیں مہیا کی جائیں گی جس کے لئے بھرپور انداز میں کام جاری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژنز میں سپورٹس کی سہولتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژنز کے ڈویژنل، ڈسٹرکٹ و تحصیل سپورٹس آفیسرز اور دیگر نے شرکت کی۔
، اجلاس میں افسران نے ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کو سپورٹس سہولتوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرورنے مزید کہاہے کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کرنا ہمارا بنیادی کام ہے جس کے لئے ہر ڈویژن میں سپورٹس کی سہولتوں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، ڈویژن سے لے کر تحصیل کی سطح تک سپورٹس کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں،ہرتحصیل میں کرکٹ، فٹ بال ، ہاکی کے علاوہ دوسری کھیلوں کے لئے گراؤنڈز سمیت سپورٹس کی تمام سہولتیں بھی فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں
، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرورنے افسران کو ہدایت کی تمام ڈویژنل، ڈسٹرکٹ و تحصیل افسران اپنے اپنے علاقوں میں سپورٹس کی موجودہ سہولتوں کی مناسب طریقے سے دیکھ بھال کریں تاکہ نوجوان کھلاڑی مسلسل ان سہولتوں سے استفادہ کرسکیں،اس کے علاوہ افسران اپنے اپنے علاقوں میں نئی سپورٹس سہولتوں کی فراہمی سے متعلق اپنی تجاویز ارسال کریں تاکہ ان پر تیزی سے کام شروع کیا جاسکے۔