وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی (این سی اے) کا اہم اجلاس آج ہوگا۔
نیشنل کمانڈ اتھارٹی کااہم اجلاس دوپہرایک بجے وزیر اعظم آفس میں ہوگا ۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان شرکت کریں گے۔ ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانزڈویژن بھی اجلاس میں موجودہوں گے ۔
اجلاس میں خارجہ، دفاع، خزانہ اوردفاعی پیداوارکے وزرا شریک ہوں گے جبکہ حساس اداروں کے سربراہ اورسکیورٹی حکام بھی شرکت کریں گے۔ این سی اے اجلاس میں منگل کو ہونے والی بھارتی در اندازی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا ، عسکری حکام پاک فوج کی تیاریوں پروزیراعظم کوبریفنگ دیں گے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکی وزیرخارجہ و دیگر ممالک کے ساتھ رابطوں سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی جنگی حالات میں ممکنہ خطرات سے فوری نمٹنے کی منظوری دیتی ہے، اسی کمیٹی کے پاس جوہری ہتھیاروں کا اختیار بھی ہوتا ہے۔