رات کی تاریکی میں بھارتی حملہ بزدلانہ اقدام اور کھلی جارحیت،انڈیا کا مقابلہ کرنے کے لئے قبائل کی بہادر خواتین بھی مکمل تیار ہیں:ملک کنزا اقتدار
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر خاتون رہنما اورقائدِ قبائل ملک کنزا اقتدار نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم اپریل میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے ،دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار بھارت دراصل سب سے بڑا دہشت گرد ہے،رات کی تاریکی میں بھارتی حملہ بزدلانہ اقدام اور کھلی جارحیت ہے،پوری قوم وزیر اعظم عمران خان اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے قبائل کی بہادر خواتین بھی مکمل تیار ہیں ۔
بھارتی فضائیہ کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ہوئے قائد قبائل ملک کنزا اقتدار خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان گذشتہ 70سال سے مقبوضہ کشمیر میں بدترین دہشت گردی کررہا ہے،وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کے حل کی بات کی ہے مگر ہمیشہ مودی سرکار نے مذاکرات سے فرار کا راستہ اختیار کیا ہے ،اقوام عالم کو بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لینا چاہئیےبھارتی وزیراعظم مودی انڈیا میں اپنی کم ہوتی مقبولیت سے خائف ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں،لائن آف کنٹرول پر دراندازی کر کے مودی پورے خطے کے امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی بہترین افواج میں سے ہیں، بھارت کسی بھول کا شکار نہ ہو، یہ نہ ہو کہ لینے کے دینے پڑھ جائیں گے، حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار پاکستانی عوام حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،ایسے میں کسی کی جرات نہیں ہو سکتی کہ کوئی مادر وطن کی طرف میلی نظر سے دیکھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت محفوظ ہاتھوں میں ہے، بھارت یہ نہ سمجھے کہ پاک فوج اکیلی ہے ،پاکستان کی 21کروڑ عوام حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کے فوجی جوانوں اور پاکستان کی عوام نے امن کے قیام کے لیے قربانیاں دی ہیں،پاک فوج اور عوام اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ملک کنزا اقتدار کا کہنا تھا کہ مودی سرکار اپنی سیاسی بیوقوفی میں جنگ کی دھمکی تو دے رہا ہے لیکن اسے اچھی طرح پتہ ہے کہ یہ دھمکیاں خود اپنی ہی بربادی کو دعوت دینے کی طرح ہے، ہمارے دشمن اچھی طرح یہ بھی جانتے ہیں کہ پاکستان کے دفاع کے لئے پاک فوج ہمہ وقت تیار ہے