میٹرو بسوں میں تصادم کی تحقیقات کیلئے 6 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل
لاہور(خصوصی رپورٹ)گجومتہ کے قریب میٹرو بسوں میں تصادم کی ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کر دے گئی ہے۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ابتدائی رپورٹ (بقیہ نمبر55صفحہ12پر )
کے مطابق 25 فر وری کو صبح 9.50 منٹ پر 2 میٹرو بسوں کے درمیان تصادم ہوا اور دونوں میٹرو بسیں مخالف سمتوں سے آ رہی تھیں۔حادثہ یوحنا آباد اور دلو خورد میٹرو سٹیشن کے درمیان پیش آیا۔شاہدرہ سے گجومتہ کی طرف جانے والی میٹرو بس نمبر M60 اپنی لین میں نہیں چل رہی تھی اور میٹرو بس نمبر M60 کا اپنی لین سے ہٹ کر چلنا حادثے کا باعث بنا، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔حادثے کا مقدمہ نشتر کالونی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے حادثے کی تحقیقات کیلئے 6 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔سیکرٹری پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ سٹی ٹریفک آفیسر لاہور، مینجر آپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لاہور، سینئر موٹر وہیکل ایگزامینر لاہور اور پنجاب ایمرجنسی سروسز کا ایک نمائندہ تحقیقاتی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔تحقیقاتی کمیٹی 3 روز میں حادثے کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ دے گی۔