فوجی جوانوں کی ملک کی حفاظت کیلئے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،مراد راس

فوجی جوانوں کی ملک کی حفاظت کیلئے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،مراد ...

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ مسلح افواج ہمارا مان ہیں۔حقیقت تو یہ ہے کہ افسران اور جوانوں نے ملک کی حفاظت کیلئے ہمیشہ اپنی جانیں نچھاور کی ہیں اور ہم مسلح افواج کی قربانیوں پر ان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے52ہزارسرکاری سکولوں میں مارچ 2020ء تک پرائمری کی سطح پر نصاب میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔ہمیں ترجیحات پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے،اربوں روپے اورنج لائن ٹرین کی بجائے شفاف انداز میں شعبہ تعلیم پر خرچ کئے جاتے تو ہمارے بچے سرکاری سکولوں میں بہترین تعلیم سہولیات سے فیضیاب ہو رہے ہوتے۔ یہ بات انہوں نے 90شاہراہ قائداعظم پر رئیر ایڈمرل نویداحمد رضوی کمانڈنٹ پاکستان نیول وار کالج کی سربراہی میں 48ویں پی این سٹاف کورس کے 95رکنی وفدسے ملاقات کے موقع پر کہی۔وفد کو محکمہ داخلہ کی جانب سے لاء اینڈآرڈر جبکہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی طرف سے ڈویلپمنٹ سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو صوبہ پنجاب کی موجودہ سیکورٹی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے آپریشن ردالفساد اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت شدت پسندی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور صوبہ میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔اسی طرح محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے اجلاس کو صوبہ بھر میں تعلیم، صحت، زراعت سمیت دیگر اہم شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن نے وفد کو بتایا کہ ہمیں معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طالبعلموں کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ نصاب میں اقبالیات اور دینی تعلیمات کو شامل کیا جا رہا ہے اوربہت جلد سرکاری سکولوں میں پرائیویٹ سکولوں سے بہتر نصاب متعارف کروایا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق مدرسوں کی رجسٹریشن اور یکساں نصاب تعلیم پر کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ مستحق افراد کیلئے ہیلتھ انشورنس کارڈز متعارف کروا یا گیا ہے۔شرکاء کو تعلیم، صحت، ہاؤسنگ، زراعت، صاف پانی پراجیکٹ، روڈز پروگرام اورپولیس ریفارمز سمیت دیگر شعبوں سے متعلق حکومتی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس سے گورنمنٹ ہائی سکول چناب بلاک لاہور کی پرنسپل اور ٹیچرز نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے ان کے مسائل سنے اورحل کیلئے احکامات جاری کئے۔