جانوروں کی سمگلنگ کرنیوالے کسی رعائت کے مستحق نہیں،امین اسلم

جانوروں کی سمگلنگ کرنیوالے کسی رعائت کے مستحق نہیں،امین اسلم

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ لیپرڈ کیٹ مارگلہ ہلز کا نایاب اثاثہ ہے اور اس کی معدوم ہوتی نسل کی حفاظت وبحالی اوران کے قدرتی مسا کن کی بحالی کے لئے حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی سمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد مارگلہ کی پہاڑیو ں میں لیپر ڈ کیٹ (LEAPARD CAT)کو ان کی قدرتی آماجگاہ میں آزاد کرنے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈپارکس پنجاب لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف، وفاقی و صوبائی محکموں کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ملک امین اسلم نے کہا کہ لیپرڈ کیٹ کی غیر قانونی تجارت کرنے والوں ملزمان کو گرفتار کرنے والے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کے افسران لائق تحسین ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈپارکس پنجاب لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے اس موقع پر کہا کہ نایاب ہوتی جنگلی حیات کو محفوظ بنانے کے لئے لوگوں میں ان جانوروں کی اہمیت و افادیت کا شعور اجاگر کرنا اور ان کے مساکن کو تباہی سے بچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناپید ہوتی نسلوں کو خطرے سے پاک اور محفوظ ماحول فراہم کیئے بغیر ان کی بحالی ممکن نہیں اور اس سلسلہ میں محکمہ ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے مگر یہ کام بھرپور عوامی شرکت کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کی سمگلنگ و تجارت کو سختی سے روکنے کا عزم کیئے ہوئے ہے اور اس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ جنگلی حیات خصوصا خطرے سے دوچار اور نایاب ہوتی انواع کی حفاظت کے لئے کام کرنے والی سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ تعاون بڑھا یا جا رہا ہے۔محکمہ جانوروں کی قدرتی آماجگاہوں کو محفوظ بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور جانوروں و پرندوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے وائلڈ لائف ایکٹ کے قوانین کو مزید سخت کرتے ہوئے سزائیں و جرمانے کی شرح کو بڑھانے کے لئے سفارشات تیار کی جا رہی ہیں۔بعد ازاں وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم اور ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈپارکس پنجاب لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے لیپرڈ کیٹ کو اس کے قدرتی مسکن مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں آزاد کر دیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -