لیسکو کے وفات پانیوالے ملاز مین کے بچوں،بیواؤں میں تقرر نامے تقسیم

لیسکو کے وفات پانیوالے ملاز مین کے بچوں،بیواؤں میں تقرر نامے تقسیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے وفات پانے والے ملازمین کے بچوں/بیواؤں میں تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب گزشتہ روز ہیڈ کوارٹر میں منعقد کی گئی جس میں ڈائریکٹر ایچ آر آضیہ شعیب ، اسسٹنٹ منیجر محمد شفیق، جنرل سیکر ٹری آل پاکستان وا پڈا ہائیڈرو یونین خورشید احمد خان سمیت یونین رہنماؤں نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ایچ آ ر آضیہ شعیب نے اپنے خطاب میں تمام نئے ملازمین کو کمپنی میں خوش آمدید کہا ان کا کہنا تھا کہ آپ کے والد نے کمپنی کے لیئے دن رات محنت کی اور اپنی خدمات ہمہ وقت پیش کیں اور ان میں سے کچھ نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ بھی دیا اور ان کی خدمات کے صلے میں آپ لوگوں کو کمپنی میں بھرتی کیا گیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ کمپنی کو آپ سے توقع ہے کہ آپ اپنے والدین کی طرح ہی اس کمپنی کی ترقی کے لئے لگن سے کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام نئے آنے والے ملازمین اپنی تعلیم اور پیشہ وارانہ مہارت میں اضافے لئے مزید محنت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے آنے والے تمام ملازمین کام کے دوران سیفٹی کے اصولوں پر سختی سے کاربند رہیں اور کسی صورت اس سے کوتاہی نہ برتی جائے۔ آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو یونین کے جنرل سیکریٹری خورشید احمد خان نے دوران ڈیوٹی وفات پانے والے ملازمین کے ورثاء کو لیسکومیں بھرتی کرنے پر ڈائریکٹر ایچ آر آضیہ شعیب کا شکریہ ادا کیا ان کا کہنا تھا یہ لیسکو کی ایک اچھی روایت ہے اور باقاعدگی کے ساتھ اس تقریب کا کامیابی سے انعقاد کرنے پر ایچ آر ڈیپارٹمنٹ مبارکباد کا مستحق ہے۔اس موقع پر بھرتی ہونے والے لائن سٹاف کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ لائن پر کام کے دوران سیفٹی کے تمام اصولوں پر ہر صورت میں عمل درآمد کریں اور کبھی بھی سیفٹی آلات کے بغیر لائن پر کام نہ کریں۔ بعد ازاں16 ملازمین کے بچوں/بیواؤں میں ایل ڈی سی ،یو ڈی سی،اکاونٹس اسسٹنٹ ، کمرشل اسسٹنٹ، ایس ایس او2، اسسٹنٹ لائن مین ،میٹر ریڈر ، بل ڈسٹری بیوٹر اور نائب قاصد کیڈر کے تقرر نامے تقسیم کئے گئے۔