نئی نسل کو اعلی تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری، طارق بشیر چیمہ

نئی نسل کو اعلی تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری، طارق بشیر چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بہاولپور (ڈسٹرکٹ رپورٹر)چو دھری طارق بشیر چیمہ وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے صادق پبلک سکول کے 65ویں یومِ تاسیس پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔انہوں نے امیر بہاول پور نواب سر صادق محمد خان خامس عباسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں (بقیہ نمبر9صفحہ12پر )

نے عالمی معیار کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا 450ایکڑ ذاتی رقبہ وقف کر کے یہ عظیم ادارہ قائم کیاجو نہ صرف ریاست بہاول پور اور جنوبی پنجاب بلکہ پورے پاکستان کا ہر لحاظ سے ایک منفرد ادارہ ہے۔ اس میں بطور مہمان خصوصی شرکت میرے لیے باعث افتخار ہے۔ مزید براں مہمانِ خصوصی نے کہا کہ میری زندگی کی تمام تر کامیابیاں صادق پبلک سکول کی مرہونِ منت ہیں۔ اس ادارے سے میں نے خوداعتمادی اور اعلیٰ اخلاقی اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنا سیکھاہے۔ اپنے دور کے اساتذہ کرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھے زندگی کے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنا سکھایا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے ویژن کے مطابق نئی نسل کو اعلیٰ تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ قبل ازیں قائم مقام پرنسپل پروفیسر میاں محمد احمد نے اپنے سپاسنامے میں سکول کی نصابی، ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ ہٰذا کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات اندرون اور بیرون ملک زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل سکول کی ہیڈ گرل ایلیا مرزا اور ہیڈ بوائے شارف حسین نے اپنی تقاریر میں سکول میں گزارے ہوئے لمحات اور اپنی کامیابیوں کا ذکر کیا۔مہمانِ خصوصی کی آمد پر غبارے اور کبوتر چھوڑے گئے، سکول کے اساتذہ سے تعارف کرایا گیا ۔ اس کے بعد گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور مہان گرامی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔تقریب تقسیم انعامات میں تقریباً 150سے زائد طلبہ و طالبات میں انعامات اور 80سے زائد طلبہ و طالبات میں گولڈ میڈل تقسیم کیے گئے۔تقریب میں ملک بھر سے آئے ہوئے طلبہ و طالبات کے والدین ، اعلیٰ سول و فوجی افسران، سیاسی شخصیات اور عمائدین شہر نے شرکت کی جنہوں نے تقریب کو گہری دلچسپی سے دیکھا اور طلبہ و طالبات کی کارکردگی کو سراہا۔