پانی کے بہترین نظام کیلئے پاکستان کی مدد کر رہے ہیں ، آسٹریلوی ہائی کمشنر

پانی کے بہترین نظام کیلئے پاکستان کی مدد کر رہے ہیں ، آسٹریلوی ہائی کمشنر

  

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ ہم پانی کے بہتر نظام کیلئے پاکستان کی مدد کر رہے ہیں جس کی پاکستان کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔وہ منگل کو آسٹریلیا کے قومی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے قومی دن کی تقریب کی میزبانی کی۔ تقریب میں صوفی موسیقی اور ٹرک آرٹ کی نمائش کی گئی۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے ٹرک آرٹسٹ گروپ پھول پتی نے آسٹریلیا کی تصاویر کو رنگ برنگی پھول پتیوں اور ٹرکوں پر لکھے جانے والے اشعار سے سجایا۔ صوفی راک موسیقار عبداللہ قریشی نے پاکستانی اور آسٹریلوی گیت پیش کئے ۔ایڈمسن نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم آج ان شاندار اور تاریخی پاکستانی روایات کو آسٹریلیا کے گیتوں، وائلڈ لائف اور مناظر کے ساتھ پیش کر رہے ہیں۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات تاریخی ہیں اور ہم بہت سے چیلنجوں پر مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان میں بہت سی چیزیں ملتی جلتی ہیں، ہماری دولت مشترکہ کی وراثت، ہماری حکومتوں کا وفاقی نظام، ہمارے پانی کے وسائل اور خشک زمینیں، ہمارا متحرک ثقافتی تنوع اور قدیم تہذیب مشترک ہیں جبکہ آسٹریلیا نے طویل عرصہ سے پاکستان کی ترقی کی حمایت کی ہے اور ہم سکیورٹی چیلنجوں کو حل کرنے میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم ان قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں جو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لوگوں نے دیں۔ ہم زراعت میں پاکستان کی مدد کر رہے ہیں جہاں ملازمت اور ترقی کی سب سے زیادہ صلاحیت ہے، ہم خواتین اور بچیوں کی صلاحیتوں اور معاشرے میں ان کے کردار کو مساوی ارکان کے طور پر اجاگر کرنے میں پاکستان کی مدد کر رہے ہیں۔ ہمارے دوطرفہ رسمی تعلقات کی بنیاد پاکستان کے قیام سے لے کے اب تک جاری ہے لیکن ہمارے تاریخی تعلقات 18ء سے قبل کے ہیں جب بلوچستان سے آنے والے اونٹوں نے آسٹریلیا کے ریگستان کھولنے میں مدد کی، آج پاکستان سے تعلق رکھنے والے 60 ہزار سے زائد افراد آسٹریلیا میں رہتے ہیں اور ہزاروں پاکستانی وہاں پڑھنے کیلئے جاتے ہیں۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر

مزید :

صفحہ آخر -