مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر پاکستان مضبوط نہیں ہوگا،مشعال ملک

مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر پاکستان مضبوط نہیں ہوگا،مشعال ملک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(صباح نیوز) کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی مدد کرکے ان پر احسان نہیں کررہا یہ اس کی ذمہ داری ہے ، پاکستان فوری طورپر بیرونی ملک سفارتکاروں،خاص طور پرامریکہ میں تعینات سفیر کو فعال کریں اور بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دے، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر پاکستان مضبوط نہیں ہوگا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کوقبرستان بنا دیا ہے، بیرون ممالک مقیم پاکستانی سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر پاکستان کیلئے کام کریں،کشمیریوں کو قتل کرنا بھارت کی ریاستی پالیسی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشعال ملک نے سٹرٹیجک ویژن انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر انسانی اور دفاعی چیلنجز کے عنوان سے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے سابق وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر نعیم خالد لودھی اور سٹرٹیجک ویژن انسٹیٹیوٹ کے ممبر لیفٹیننٹ جنرل(ر)سید محمد اویس نے بھی خطاب کیا۔ مشعال ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری پاکستان سے محبت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے شہداء کو پاکستانی پرچموں میں دفناتے ہیں۔ تمام حریت رہنما متحد ہیں ، بھارت ان کو ملنے نہیں دیتا، برہان وانی کے بعد مسئلہ کشمیر دوبارہ دنیا میں اجاگر ہوا اور دنیا نے اس طرف توجہ دینا شروع کردی، بھارتی تشدد کی وجہ سے نوجوان مسلح جدوجہد کی طرف نکل رہے ہیں۔کشمیریوں کا قتل عام کرنا بھارت کی ریاستی پالیسی ہے اس کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں،20سال سے کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارت کوشش کررہا ہے تاکہ یہاں پر بھارتیوں کو آباد کرکے جب حق خودارادیت کا ووٹ ڈالا جائے تو ان سے اپنے حق میں ووٹ ڈالے جاسکیں۔

مزید :

صفحہ آخر -