بھارتی حرکت سے علاقائی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق، پیپلزپارٹی

بھارتی حرکت سے علاقائی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق، پیپلزپارٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور،کراچی ( این این آئی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے بھارتی فضائی کی طرف سے ایل او سی کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی اس حرکت سے علاقائی سلامتی کو سنگین خطرات کا سامنا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کی بزدلانہ کارروائی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بھارت کی اس حرکت سے علاقائی سلامتی کو سنگین خطرات کا سامنا ہے،مودی کی طرف سے فضائی جارحیت الیکشن سپیسفک ہے،ہمیں او آئی سی میں بھارت کے خلاف بڑا محاذ بنانے کی ضرورت ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بھارت کی اس غیر ذمہ دارانہ حرکت پر مدبرانہ اور نپا تلا ردعمل آنا چاہیے ،بھارت کے کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا بھر کو آگاہ کرنا ہوگا،بھارت بڑا ملک ہونے کے باوجود چھوٹی حرکتوں پر اتر آیا ہے۔دریں اثنا ء مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی بزدلانہ حملے کو پسپا کرنے پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاک فضائیہ نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی کے باعث بھارتی طیارے بھاگنے پر مجبور ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت پا کستا ن پر جنگ مسلط کرنے کی ہرگز غلطی نہ کرے جنگ کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے اور پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ووٹوں کے بھکاری مودی سرکار اپنے عوام کو جنگ کی آگ میں نہ جھونکے۔ پاک افواج بھارتی عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔

مزید :

صفحہ آخر -