پاکستان اور بھارت کا تحمل کا مظاہرہ کریں ، مسائل بات چیت سے حل کئے جائیں: چین یورپی یونین

پاکستان اور بھارت کا تحمل کا مظاہرہ کریں ، مسائل بات چیت سے حل کئے جائیں: چین ...

  

اسلام آباد(آن لائن)بھارت کی جانب سے پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی اور دراندازی کے بعد عالمی برادری نے پاکستان اور بھارت سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر کے علاقے میں دراندازی کی کوشش پر پاک فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔ چین نے اس معاملے پر پاکستان اور بھارت دونوں کو معاملہ فہمی سے چلنے کا مشورہ دیا ہے۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کینگ نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور ایسے اقدامات کریں جس سے خطے کی صورتحال مستحکم کرنے میں مدد ملے اور دوطرفہ تعلقات بہتر ہوں۔دوسری جانب یورپی یونین نے بھی جوہری طاقت کے حامل دونوں ملکوں سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔یورپی یونین کے ترجمان ماجا کوسی جینسک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں ملکوں سے رابطے میں ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ دونوں ملک زیادہ سے زیادہ تحمل سے کام لیں اور تناؤ میں مزید اضافے سے گریز کریں۔ آسٹریلوی وزارت خارجہ نے بھارتی دراندازی کی کوشش کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کسی بھی مہم جوئی سے پرہیز کرتے ہوئے باہمی گفت و شنید کے ذریعے اپنے تنازعات ختم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایسے اقدام سے احتراز کیا جائے جس سے خطے کی امن و سلامتی کو خطرہ درپیش ہو۔

چین

مزید :

صفحہ اول -