پنجاب سندھ ، خیبر پختونخوا اسمبلیوں میں بھارتی جارحیت کیخلاف متفقہ مذمتی قرار داد یں منظور
لاہور،کراچی ، پشاور(نمائندہ خصوصی،سٹاف رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )بھارت کی طرف سے پاکستانی حدود میں بارود گرائے جانے اور جارحیت کے اقدام کے خلاف پنجاب سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں میں حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ طور پر مذمتی قرار داد یں منظور کی گئیں جن میں بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی گئی ،حکومتی رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان کی تحریک پر پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی معمول کی کاروائی ملتوی کرتے ہوئے مذمتی قرار داد کے ذریعے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس یکطرفہ اشعال انگیزی کے اقدام کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ فورم پر آواز اٹھائے ،عبدالعلیم خان نے پنجاب اسمبلی میں قرار داد پڑھتے ہوئے کہا کہ بھارت کا پرانا وطیرہ ہے کہ اُس نے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر بزدلانہ حملے کی کوشش کی ،عبدالعلیم خان کی طرف سے پیش کردہ قرار داد کو پنجاب اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا اور حزب اقتدار اور اختلاف دونوں بینچوں کی طرف سے اس قرار داد کے حق میں تقاریر بھی کی گئیں ۔ سندھ اسمبلی نے بھی منگل کو اپنی کارروائی کے دوران بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف ایک قراداد متفقہ طور پر منظور کرلی جو پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی جانب سے پیش کی گئی تھی اور اس قرارداد کی حمایت اپوزیشن کے دیگر پارلیمانی گروپوں نے بھی کی ۔قرارداد میں پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی پر اسے خراج تحسین پیش کیا گیا جس نے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا، قرارداد میں مادر وطن کی سرحدوں کی حفاظت پر پاکستان کی مسلح افواج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سندھ اسمبلی میں دفاع وطن کے معاملہ پر مکمل یکجہتی کا ماحول نظر آیا اور حکومت اور اپوزیشن کے ارکان نے یک زبان ہوکر بھارت کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کا دفاع اس کی بہادر مسلح افواج کے ہاتھوں میں ہے جسے پوری قوم کی مکمل تائید حاصل ہے۔ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلوں کی طرح سرحدی خلاف ورزی کی لیکن پاکستانی شاہینوں نے بھارتی طیاروں کو بھاگ جانے پر مجبور کردیا۔ ارکان کا کہنا تھا کہ گجرات کے قصائی مودی کا جنگی جنون بہت جلد اپنی موت آپ مر جائے گا بعد ازاں یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ایوان نے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہ کے یوم ولادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کی قراداد منظور کرلی جو قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے پیش کی تھی ۔ بعدازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس بدھ کیدوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔خیبرپختونخوااسمبلی نے بھارتی جارحیت کے خلاف قرارمتفقہ طو رپر منظورکرلی ۔جائیکاپراجیکٹ میں فنڈزنہ ملنے پر سراپااحتجاج اپوزیشن نے احتجاج کے باوجود قراردادکی حمایت کی ۔قراردادپی ٹی آئی کے رکن لیاقت علی نے پیش کیا قراردادکے متن کے مطابق بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان آزادکشمیرپرایک نہایت بزدلانہ حملہ کیاہے جبکہ پاکستان کے شیر دل جوانوں نے جوابی کارروائی کی تو بھارتی دم دباکربھاگ نکلے شکر ہے کہ کوئی جانی اورمالی نقصان نہیں ہوا ،پاکستان ایک پرامن ملک ہے جواپنے پڑوسیوں کیساتھ برادرانہ تعلقات کامتمنی ہے لیکن اگر کسی پڑوسی یا بیرونی جارحیت کے نتیجے میں پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری خطرے میں پڑے تو پاکستان کو اس کاجواب اچھی طرح دیناآتا ہے۔
قرار دادیں منظور