قوم کو ایئر فورس پر ناز، بھارت کے مذموم عزائم خاک میں ملادیں گے : عثمان بزدار

قوم کو ایئر فورس پر ناز، بھارت کے مذموم عزائم خاک میں ملادیں گے : عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مظفرآباد سیکٹر میں بھارتی طیاروں کی دراندازی کی شدید مذمت کی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مظفرآباد سیکٹر میں بھارتی طیاروں کو بھگانے پر پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو پاکستان ایئرفورس پر ناز ہے اورپوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ملک کے چپے چپے کے دفاع کیلئے پاکستان کا ایک ایک بچہ تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔پاکستانی قوم کا عزم بلند اور حوصلہ زندہ ہے۔ دشمن کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ارض پاک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔بھارت کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول میں دراندازی کرکے عالمی قوانین کو پامال کیا۔بھارت کے جارحانہ عزائم پورے خطے کے امن کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظفر آباد سیکٹر میں بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی دراندازی جنگی جنون کو ظاہر کرتی ہے۔بھارتی حکومت جنگی جنون کی آڑ میں اپنے داخلی مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت 4 گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ زراعت، محکمہ خوراک، محکمہ جنگلات و ماہی پروری اور محکمہ مال کی کارکردگی اور مستقبل کے پروگرامز کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ کی پائیدار ترقی کیلئے کاشتکاروں کو ہر طرح کی سہولتیں دی جائیں گی اورفصلوں کی پیداوار بڑھانے اور کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ کیلئے نئے پروگرامز شروع کئے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ ڈرپ اریگیشن کیلئے 2 ارب روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ کاشتکاروں کو سرٹیفائیڈ کاٹن سیڈ مہیا کرینگے تاکہ کپاس کی پیداوار میں مزید بہتری لائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار وں کو سرٹیفائیڈ کاٹن سیڈ فراہم کرنے کیلئے سبسڈی دی جائیگی اورکھلا بیج فروخت کرنے پر پابندی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ جعلی زرعی ادویات تیار اور فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ سورج مکھی، زیتون اور کینولا کی کاشت کیلئے کاشتکاروں کی معاونت کی جائیگی اور تیل دار اجناس کی پیداوار بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات کرینگے اور کاشتکاروں کو سبسڈی دینگے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فصلوں کی انشورنس شروع کر دی ہے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ فصلوں کی انشورنس کے حوالے سے ہدف کو مقررہ مدت میں حاصل کیا جائے اوررواں برس گندم کی خریداری کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے۔دریں اثناء عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی،جس میں لائن آف کنٹرول میں بھارتی طیاروں کی دراندازی کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی اور بھارتی طیاروں کو بھگانے اورمذموم عزائم ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی کی تعریف کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاک فضائیہ کے بہاد ر شاہینوں نے دشمن کی بزدلانہ حرکت کو ناکام بنایااورلائن آف کنٹرول میں دراندازی کر کے بھارت نے اپنا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بزدل دشمن سن لے کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔پاکستان کے 22کروڑ عوام مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی محمد افضل خان ڈھانڈلہ،عبدالمجید خان، ارکان پنجاب اسمبلی غضنفر عباس، محمد عامر عنایت شاہانی، محمد مامون تارڑ، محمد احسن جہانگیر،گلریز افضل گوندل، آسیہ ا مجد،میمونہ وحید اورسیمابہ طاہر شامل تھیں۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -