افریقی مارکیٹوں تک رسائی کے لیے حکومت آسانیاں پیدا کر رہی ہے: ڈاکٹر علی احمد آرائیں
راولپنڈی ( کامرس ڈیسک)پاکستان کو افریقی مارکیٹوں تک رسائی کے لیے حکومت آسانیاں پیدا کر رہی ہے، فوکس افریقہ پالیسی کے تحت افریقی ملکوں کے ساتھ تجارت کا فروغ اور دو طرفہ تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔ نجی شعبہ آگے آئے ۔ ان خیالات کا اظہار خارجہ امور برائے افریقہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد آرائیں نے مقامی ہوٹل میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام "بزنس افریقہ ٹریڈ فورم" سے خطاب کرتے ہوئے کیا فورم سے مصر کے سفیر احمد فضل یعقوب، کینیا کے ہائی کمشنر جیولیس کیبیٹ بٹوک، لیبیا کے سفیر نظر نبہیا، مراکش کے محمد کارمون، سوڈان سے تاجلدین التحایر، اور تیونس کے سفیر عدل العربی سمیت دس سے زائد سفیروں نے خطاب کیا۔فورم سے بورڈ آف انوسٹمنٹ، ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیزیشن اور وزارت کامرس و خارجہ کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ تقریب کی خاص بات صومالیہ کی سفیر خدیجہ محمد کا تقریب سے اردو میں خطاب تھامقررین نے فورم کے کامیاب انعقاد پر چیمبر کی کاوشوں اور فعال کردار کو سراہا۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ سیکرٹری کامرس حسین حیدر نے کہا کہ Lookافریقہ کے نام سے حکومت نے تجارت بڑھانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں ۔ افریقہ کے لیے چھ نئے کمرشل سیکشن بنائے گئے ہیں، دو طرفہ نمائشوں اور وفود کے تبادلوں کے ذریعے باہمی تجارت اور روابط میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر چیمبر ملک شاہد سلیم نے بتایا ہے کہ ٹریڈ فورم کے انعقاد کا مقصد تاجر برادری کو افریقی مارکیٹوں میں تجارت اور برآمدات کے مواقع کے بارے میں آگہی دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو برآمدات کے فروغ کے لیے نئی مارکیٹیں تلاش کرنا ہوں گی۔ افریقہ پچاس سے زائد ملکوں پر مشتمل براعظم ہے۔ پاکستان کی افریقی ملکوں کے ساتھ تجارت کا حجم صرف تین ارب ڈالر کے قریب ہے اسے آئندہ تین سال میں دو گنا کیا جا سکتا ہے۔ فوڈ، ٹیکسٹائل اور فارماسیؤٹیکل شعبوں میں تجارت میں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے اپنے خطاب میں سفراء کودعوت دی کہ تمام افریقی ممالک مل کرچیمبر میں یوم افریقہ منائیں، انہوں نے یہ بھی پیش کش کی کہ چیمبر آف کامرس میں افریقی ملکوں سے تجارت کے حوالے سے معلوماتی ڈیسک بھی لگائیں۔ ا فورم میں سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون، نائب صدر فیاض قریشی، سابق صدور، چیئر مین ایونٹ منجمنٹ فہد برلاس، مجلس عاملہ کے اراکین، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اعجاز عباسی اورملک بھر سے کاروباری نمائندوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔