ہائیکورٹ ملتان ، بنچ رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعیم کی نااہلی برقرار ، مناسب فورم سے رجوع کرنیکی ہدایت
ملتان (خبر نگار خصو صی ) ہائیکورٹ ملتان بینچ نے ممبر صوبائی اسمبلی سلمان نعیم کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مناسب فورم سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے خارج کردی ہے۔ فاضل عدالت میں حلقہ پی پی217 ملتان سے ممبر صوبائی اسمبلی سلمان نعیم نے درخواست دائر کی تھی کہ درخواست گزار کو حلقہ سے بطور آزاد امیدوار کامیاب قرار دیا گیا تھا جس کا الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا اور اس نے بطور ممبر اسمبلی کام بھی شروع کر دیا تاہم نوید ارائیں نامی شخص نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی کہ درخواست گزار کے پاس 2 شناختی کارڈ ہیں اور اپنے اثاثے بھی درست طور پر ظاہر نہ کئے ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کے کم عمر ہونے اور 2 شناختی کارڈ ہونے کا جواز بنا کر یکم اکتوبر کو نااہل قرار دیا تھا جبکہ کامیابی کا اعلان ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس درخواست گزار کو نااہل کرنے کا اختیار نہ تھا اور نااہلی کا فیصلہ دینے کا اختیار صرف الیکشن ٹربیونل کے پاس ہے جس میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت جاری ہے لہٰذا الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست گذار کی نااہلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کا حکم دیا جائے۔ اس ضمن میں گزشتہ روز سماعت میں فاضل جسٹس نے درخواست کو متعلقہ فارم میں دائر کرنے اور ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کرنے کا حکم دیا ہے۔