گورنرسندھ عمران اسماعیل سے میئر کراچی وسیم اختر کی ملاقات

گورنرسندھ عمران اسماعیل سے میئر کراچی وسیم اختر کی ملاقات

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے میئر کراچی وسیم اختر نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی میں جاری انسداد تجاوزات مہم کے بارے میں بتایا کہ مہم کے نتیجے میں شہر میں ملبے کے ڈھیر کی بنا پر شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کے حل میں وفاق کا تعاون انتہائی نا گزیر ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی و خوشحالی کے کاوشیں کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اقتصادی اہمیت مسلمہ حقیقت ہے جبکہ معاشی سرگرمیوں کے مرکز میں جدید سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں گورنر سندھ نے کراچی میں موجود ملبے کے ڈھیر کو ٹھکانے لگانے میں حائل مشکلات اور روکاوٹوں کو فوری حل کرنے کے اقدام کی یقین دہانی بھی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر ،کراچی میں نکاسی و فراہمی آب اور صفائی کے مسائل حل طلب ہیں جن کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ با الخصوص کراچی کے عوام کو موجودہ حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں وفاقی حکومت عوام کے اس اعتماد پر ہر صورت پورا اترے گی اس سلسلے میں عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -