قوم متحدہے بھارت کی جاریت سے خوف زدہ نہیں : حافظ نعیم الرحمن

قوم متحدہے بھارت کی جاریت سے خوف زدہ نہیں : حافظ نعیم الرحمن

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا مدارس کے طلباکلمہ کی بنیاد پر حاصل کی گئی ریاست پاکستان کے بہترین معماراور محافظ ہیں،قوم متحد ہے ،بھارت کی جارحیت سے خوفزدہ نہیں۔ بچہ بچہ کٹ مرے گا مگر دین اسلام اور وطن عزیز پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ و تنظیم بزم قرآن کے تحت مسجد رضوان فیڈرل بی ایریامیں "معمار جہاں کیمپ " کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایک روزہ کیمپ سے مفتی معراج، عثمان اعوان ،اویس النبی ،فصیح اللہ حسینی ، نجیب احمدحنفی ، واجداللہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع طالب علموں کے درمیان تقریر وحسن قرات ، کوئز اورمختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے اور کامیاب طالب علموں میں حافظ نعیم الرحمن نے انعامات تقسیم کیے۔ حافظ نعیم الرحمن نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں اور منبر و محراب نے ہمیشہ عوام کی درست سمت میں رہنمائی اور باہمی اخوت و اتحاد و یکجہتی کے فروغ کا فریضہ انجام دیا ہے ، ایک سازش کے تحت مساجد و مدارس کو نشانہ بنایا گیا تاکہ ملک کمزور ہو اور عوام کے درمیان دوریاں اور نفرتیں پیداکی جاسکیں لیکن تمام کوششوں اور سازشوں کے باوجود مدارس نے اپنا مثبت کردار اداکیا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔مفتی معراج نے اپنے خطاب میں کہا کہ مدارس سے وابستہ افراد معاشرے کے لئے بہترین نمونہ ہیں اور اسلام کے نظام کا نفاذ ہی تمام مسائل کا واحدحل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غلبہ اسلام کے لئے دینی قوتوں کا ساتھ دیں منتظم عربیہ کا شف شبیر نے کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ نے کل بھی فرقہ واریت اور مسلک کی بنیاد پر ملک کے اندر تقسیم در تقسیم کے بیرونی ایجنڈے کوناکام بنایا تھا اور آج بھی دینی مدارس کے طلبا قومی وحدت او ر اتحاد امت کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار اداکریں گے۔ عثمان اعوان نے کہا کہ مدارس دین کے قلعے اور طلبا نظریاتی محافظ ہیں۔ ہم ان شااللہ دین اسلام کے خلاف اسرائیل، امریکہ اور بھارت کی ہر سازش کابھرپور مقابلہ کریں گے۔فصیح اللہ حسینی نے کہا میڈیامدارس کو جائز مقام دے اور دہشت گردی کی ہر واردات کو مدارس سے نہیں جوڑا جائے۔ اویس النبی نے کہا ہم دین اسلام کا غلبہ چاہتے ہیں اور یہی ہماری زندگی کا مقصد ہے۔ نجیب احمد حنفی نے کہا کہ مسلکوں سے بالاتر ہو کر جمعیت طلبہ عربیہ اپنی عظیم جدوجہد میں مصروف عمل ہے