ملکی سلامتی کیلئے ایک پیج پر ہیں ، بھارت آگ سے کھیل رہا ہے ، امیرحیدر خان ہوتی
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے اپنی سیاست بچانے کیلئے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا ہے ،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تمام فوجی سربراہان کو دعوت دی جائے جو تمام پارلیمنٹ کو صورتحال کے حوالے سے بریف کریں تاکہ آئندہ کی حکمت عملی طے کی جا سکے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ بالاکوٹ میں بھارتی طیاروں کی در اندازی قابل مذمت ہے مودی اپنی انتخابی مہم کے دوران آگ سے کھیل رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اندر سے بھی مودی کے خلاف آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں، سیاسی و نظریاتی اختلافات سے بالاتر پاکستان کی سالمیت کیلئے ہم ایک پیج پر ہیں اور ملک کی حفاظت کیلئے جان کی بازی لگا دیں گے، انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے ،آج کا اجلاس سیاست سے بالاتر ہونا چاہئے ،امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ کشمیر میں روز اول سے بھارت بزور طاقت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ، پیلٹ گنز کا استعمال اور خواتین و بچوں کا قتل عام بھارت کی بیمار ذہنیت کا عکاس ہے ، انہوں نے کہا کہ پلوامہ حملہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا رد عمل تھا جس کا بے بنیاد الزام مودی سرکار نے پاکستان پر لگا دیا ،انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے قدرتی عمل ہے لیکن ملکی سلامتی پر سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔