کراچی، پولیس کارروائی ،سیب کی پیٹیوں سے145 کلو چرس بر آمد
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے سولجر بازار میں پولیس نے ایک کارروائی کی جس کیدوران بلوچستان سے آئی سیب کی پیٹیوں سے145کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ پولیس نے 2ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا ۔ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ منشیات عام قسم کے سیبوں کی پیٹیوں کی آڑ میں بلوچستان کے علاقے پشین سے کراچی اسمگل کی گئی تھیں۔غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ مخبر کی اطلاع پر سولجر بازار پولیس نے ٹی آئی بی کالونی کے علاقے میں سابقہ سبزی منڈی کے مقام پر کارروائی کی اور منشیات فروشوں کے بین الصوبائی گروہ کے دو کارندے بھی گرفتار کیے ۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان محمد منظور اور لال محمد کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی منشیات سپلائی کرتے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ ایس ایس پی ایسٹ اور ایس پی کی جانب سے پولیس پارٹی کے لئے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔