کراچی لٹریچر فیسٹیول کے لئے پروگرام اور منتخب کتابوں کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملک کا سب سے زیادہ انتظار کیا جانے والا ایونٹ یعنی دسواں کراچی لٹریچر فیسٹیول (KLF) بیچ لگژری ہوٹل، کراچی میں 1 ، 2 اور3 مارچ 2019 ء کو منعقد کیا جائے گا ۔اس ایونٹ کے لئے پروگرام میں مذاکرات، انٹرویو، پینل ڈسکشن، ریڈنگ، کتابوں کی رونمائی، انگریزی شاعری کی ریڈنگ، اردو مشاعرہ، اسٹینڈ اپ کامیڈی، طنزیہ نظمیں، مصنفین کے دستخط، پرفارمنگ آرٹ، دستاویزی فلمیں، کتب میلہ اور ادبی ایوارڈز کی تقسیم شامل ہے۔اس ثقافتی میلے میں آئیڈیاز اور مضامین کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت، تعلیم، خود نوشت سوانح عمری سمیت جدید ثقافت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔منیجنگ ڈائرکٹر آکسفورڈ یونیورسٹی پریس (OUP) ، ارشد سعید حسین نے آرٹس کونسل کراچی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں دسویں کراچی لٹریچر فیسٹیول میں اردو ادب کی ان منتخب کتابوں کے بارے میں بتایا جنہیں KLF انفاق فاؤنڈیشن نے منتخب کیا ہے تاکہ ان کو اردو ادبی انعام دیا جاسکے۔س موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارشد سعید حسین نے کہا:’’ KLF صرف ایک ایونٹ نہیں ہے، بلکہ یہ ادب، کتب،ریڈنگ، پرفارمنگ آرٹ، ثقافت اور تنوع کا جشن ہے۔ یہ فیسٹیول اس بنیادی سوال کو تلاش کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جائے گا، کہ مستقبل میں کتابوں، ادب، کتابوں کی اشاعت اور ان کے پڑھنے کے ساتھ کیا ہوگا؟‘‘ انہوں نے مزید کہا : ’’ KLF دراصل آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی میراث ہے، اور ہر سال کی طرح امسال بھی ہمارا مقصد قومی و بین الاقوامی طور پراسپیکرز، مصنفین، کتب کی رونمائی، انگریزی شاعری ریڈنگ، اردو مشاعرے، طنزیہ نظموں، پرفارمنگ آرٹس اور فلموں کوسامنے لانا ہے۔ کراچی شہر کے رہائشیوں کو آنے والے ڈھائی دنوں میں ادب، آرٹ، ثقافت، مذاکرات، اور بحث کے بارے میں بہت کچھ دیکھنے کو ملے گا‘‘۔اس سال ہونے والے پروگراموں میں باصلاحیت نوجوانوں کے لئے پروگرام ’’نئی نسل کی آواز‘‘: ’’کل ہمارا ہے‘‘، کراچی کے مستقبل پر نظر ڈالنے والا پروگرام "The Karachi Dilemma" : تحفظ یا ارتقاء ، اردو تھیٹر کل ، آج اور کل، پاکستانی سینما: کل آج اور کل، اشاعت 2020 تک اور اس کے بعد: نئے رجحانات، ڈیجیٹائزیشن اور ٹیکنالوجی اور اس تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں تعلیمی سوچ، شامل ہیں۔انفاق فاؤنڈیشن کی جانب سے اردو ادب کی نثر ی و شعر کی بہترین کتاب پر دیا جانے والا انعام 200,000 روپے، تین منتخب کتابوں پر دیا جائے گا، ان میں Northern Command سمیع آہوجا کی لکھی اور سانجھ پبلیکشن کی جانب سے شائع کی گئی کتاب سمیت قلعہِ فراموشی جو فہمیدہ ریاض کی کتاب ہے اور آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے شائع کی گئی ہے اور روحِ قدیم کی قسم جو کہ تصنیف صابر ظفر کی ہے اور رنگ ادب پبلیکشن کی جانب سے شائع کی گئی ہے منتخب کتب میں شامل ہیں۔پاکستانی سنیما، فلمی گانے اور شاعری کی ایک نشست اس فیسٹیول کا حصہ ہے۔ اس سال کے فیسٹیول میں پانچ پاکستانی دستاویزی فلمیں شامل ہیں۔