پاکستان کے شاہینوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے،پاک فضائیہ نے اپنی درخشاں روایات میں آج ایک اور روشن باب کا اضافہ کردیا، شہبازشریف
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیارے گرانے پر سیاسی رہنماؤں کی طرف سے حوصلہ افزا ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے شاہینوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ پاک فضائیہ نے اپنی تابندہ اور درخشاں روایات میں آج ایک اور روشن باب کا اضافہ کردیا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں دشمن پر فتح ونصرت عطا فرمائی، قوم سجدہ شکر بجا لائے، ہر جارحیت پر دشمن کو ایسا ہی دندان شکن جواب ملے گا انشااللہ۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور ان پر بھرپور اعتماد رکھتی ہے، یہ بھارت کے لئے پیغام ہے کہ وہ جنگی جنون اور جنوبی ایشیا میں بدامنی کی منفی سوچ ترک کرے۔ بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور امن و مذاکرات کی راہ اپنائے، بھارتی قیادت حماقت پر مزید حماقت کی غلطی نہ کرے۔