پاک بھارت کشیدگی،آسٹریلوی اور آئر لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کا ادھورا چھوڑ کر واپس جانیکا امکان
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن) مودی سرکار نے الیکشن جیتنے کی کوشش میں اپنے کرکٹ گراؤنڈ ز پر کھیلنے والے آسٹریلوی اور آئر لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کو دورے ادھورے چھوڑنے کے لیے سوچنے پر مجبور کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ ٹیم اس وقت ون ڈ ے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے بھارت میں موجود ہے جب کہ آئر لینڈ کی کرکٹ ٹیم افغانستان کے خلاف ٹیسٹ ،ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے لیے بھارت آئی ہے تاہم بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئےدونوں غیر ملکی ٹیمیں دورہ بھارت منسوخ کرتے ہوئے واپس اپنے اپنے ملک جاسکتی ہیں۔
واضح رہے پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے روسی ساختہ مگ 21کے بھارتی پائلٹس کو مار گرایا جس کے نتیجے میں دو پائلٹس ہلاک ہو گئے جبکہ مجموعی طور پر تین پائلٹس کو پاک فوج نے گرفتار کر لیا۔گرفتار پائلٹس میں سے ایک پائلٹ زخمی تھا جسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔زخمی بھارتی پائلٹ کا ویڈیو پیغام بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں بھارتی پائلٹ کا کہنا ہے کہ میں بھارتی فضائیہ کا افسر ہوں، میں ایک فلائنگ پائلٹ ہوں۔میرا نام ونگ کمانڈر ابھی نندن ہے، میرا سروس نمبر 27981 ہے، میرا مذہب ہندو اور میں شادی شدہ ہوں،میرا تعلق بھارت کے جنوبی علاقے سے ہے ،بھارتی پائلٹ نے ویڈیو پیغام میں آئی ایم سوری بھی کہا ۔ بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس کے ساتھ پاک فوج کا رویہ انتہائی متاثر کن ہے، میں ریکارڈ کیلئے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر بھارت واپس گیا تو بھی میں اپنا بیان نہیں بدلوں گا، پاکستانی آرمی کے افسران بہت اچھے لوگ ہیں جنہوں نے میرے ساتھ حسن سلوک کا مظاہرہ کیا، میں پاک فوج کے اس لیفٹیننٹ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے مشتعل پاکستانیوں کے ہجوم سے مجھے بچایا۔بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن نے مزید کہا کہ اسے پاک فوج کے رویے نے بہت متاثر کیا ہے اور وہ امید رکھتا ہے کہ بھارتی فوج بھی ایسا ہی رویہ اختیار کرے گی۔ ابھی نندن کو پاک فوج کی چائے بھی بہت پسند آئی۔بھارتی پائلٹ کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔