پاک فضائیہ کے جوانوں نے قوم کےمورال کو بہت بلند کردیا ،بھارت نے جنگ کی تو اسے آگ میں جلنا پڑے گا :سراج الحق

پاک فضائیہ کے جوانوں نے قوم کےمورال کو بہت بلند کردیا ،بھارت نے جنگ کی تو اسے ...
پاک فضائیہ کے جوانوں نے قوم کےمورال کو بہت بلند کردیا ،بھارت نے جنگ کی تو اسے آگ میں جلنا پڑے گا :سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بھارت کے 2 طیارے مار گرانے پر پاک فوج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان بھارت سمیت کسی سے بھی جنگ نہیں چاہتا،ہم نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں امن چاہتے ہیں،اسلام عالمی امن کا سب سے بڑا داعی ہے لیکن اگر بھارت باز نہ آیا تو پھر ہم اپنی سا لمیت اور دفاع کا پورا حق رکھتے ہیں،پاکستانی فوج نے ایل او سی کی خلاف ورزی کرنے والے بھارت کے طیاروں کو گرا کر بھارت کو یہ سبق دیاہے کہ اگر اس نے جنگ کی آگ لگائی تو اس آگ میں بھارت کو خود جلنا پڑے گا،پاک فوج کے شاہینوں کی جرات و بہادری پر پوری قوم کو فخر ہے اور آج ہمارے فضائیہ کے جوانوں نے قوم کے حوصلے اور مورال کو بہت بلند کردیاہے ۔ 
 اپنے ویڈیو  بیان میں سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ بھارت کے جنگی جنون کا منہ توڑ جواب قوم کی امنگوں اور توقعات کے عین مطابق ہے ،پاک فوج نے قابل فخر کارنامہ سر انجام دیا ہے ، پوری قوم پر عزم اور پاک فوج کی پشت ہے،جس شر انگیزی کا آغاز بھارت نے کیا تھا ہمیں اس شر انگیزی کا سدباب کرناآتاہے اور اب ہم اس شرانگیزی اور فتنے کو ختم کر کے رہیں گے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع کی اصل وجہ کشمیر ہے جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا ، خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا اور بھارت کی شرانگیزی کی وجہ سے دونوں ایٹمی قوتوں کے درمیان کسی وقت بھی جنگ چھڑ سکتی ہے ۔ اگر یہ جنگ چھڑ گئی تو پھر یہ صرف جنوبی ایشیا تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے شعلے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر عالمی برادری واقعی اس تباہ کن جنگ سے بچنا چاہتی ہے تو اسے جلد از جلد مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنا اور ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلاناہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے جنگی جنون کی وجہ سے خطے کی دو ارب سے زائد آبادی جنگ کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے،بھارت کے اندر 70 سے زائد آزادی اور علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں اگر اس نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو وہ اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکے گا ۔ سینیٹر سراج الحق نے ترکی اور او آئی سی کی طرف سے پاکستان کے ساتھ بھر پور تعاون کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ نہ صرف عالم اسلام بلکہ امن پسند مغربی اور یورپی ممالک بھی پاکستان کے موقف اور کشمیریوں کو حق رائے دہی دینے کے حامی ہیں ۔

۔

ویڈیو دیکھیں 

مزید :

قومی -