خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی یکجہتی اور ملی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے:سپیکر قومی اسمبلی

خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی یکجہتی اور ملی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ...
 خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی یکجہتی اور ملی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے:سپیکر قومی اسمبلی

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے  کہ اس وقت ملک ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے،ملک کو جن اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے ان کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی یکجہتی اور ملی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں خیبر پختونخواہ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر محمود جان نے سپیکر قومی اسمبلی سے ون آن ملاقات کی اور  ملک کی موجودہ سیاسی، اقتصادی صورتحال ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے   کہا کہ ہم اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے موجودہ خطرات کا مقابلہ کر سکتے ہیں، قومی یکجہتی اور  قوم کی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے میں سیاسی قیادت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے اور ہر قسم کے مشکل حالات کا مقابلہ کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈپٹی سپیکر کے پی کے اسمبلی کو قانون سازی اور تحقیق کے شعبوں اور صوبائی اسمبلی کے عملے کی استعدادِ کا رمیں اضافے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی محمود جان نے کے پی کے کی اسمبلی کے عملے کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے معاونت کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایوان میں ان کے غیرجانبدارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت جن خطرات کا سامنا ہے ان کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، ملک کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے لیے کے پی کے کی اسمبلی اور حکومت وفاق کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزید :

قومی -