مقبوضہ کشمیر : قابض انتظامیہ نے میر واعظ عمر فاروق کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا
سرینگر(ڈیلی پاکستان آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس (ع )کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو (بدھ )سرینگر میں پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے سرینگر سے شائع ہونے والے ایک انگریزی اخبار''گریٹر کشمیر'' کو ٹیلیفون پر بتایا کہ قابض انتظامیہ نے انہیں پریس کانفرنس کی کوریج کیلئے نگین کے علاقے میں واقع میر واعظ کی رہائش گاہ کے اندر نہیں جانے دیا۔ قبل ازیں حریت فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاتھاکہ فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق مقبوضہ علاقے کی موجودہ ابتر صورتحال کے حوالے سے اپنی رہائش گاہ پر موجودہ صورتحال اور پاک بھارت تناؤ کے حوالے سے پریس کانفرنس کریں گے۔دوسری طرف میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ وہ دعا گو ہیں کہ بھارت اور پاکستان پر اچھا احساس غالب آ جائے اور دونوں ملکوں کے حالات اس نہج پر نہ جائیں جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنے کے لئے مل بیٹھ کر اور مذاکرات کے ذریعے ہی معاملات حل کئے جا سکتے ہیں۔