ہم بھی جنگ نہیں چاہتے ،امید کرتا ہوں کہ بھارت مذاکرات کی ٹیبل پر آئے گا اور معاملات کو حل کرے گا:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھی جنگ نہیں چاہتے، میں امید کرتا ہوں کہ بھارت مذاکرات کی ٹیبل پر آئے گا اور معاملات کو حل کرے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی جانب سے چین میں دیئے جانے والے اس بیان کہ ’بھارت موجودہ صورتحال میں مزید کشیدگی نہیں چاہتا ، بھارت ذمہ داری اور تحمل سے کام لیتا رہے گا،چینی ہم منصب سے بھی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سشما سوراج کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کارروائی کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف کارروائی تھا تاکہ بھارت میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے لیکن ہم پاکستان کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتے ‘پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پاکستان کی جانب سے کی گئی سٹرائیک کا مقصد اپنے عزم ،حق اور صلاحیت کا اظہار کرنا تھا ،ہم بھی جنگ نہیں چاہتے،میں امید کرتا ہوں کہ بھارت مذاکرات کی ٹیبل پر آئے گا اور معاملات کو حل کرے گا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔
واضح رہے کہ ہندوستان نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نام نہاد ائیر سٹرائیکس کا دعویٰ کیا تھا جس پر پاکستان نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لئےجگہ اور وقت کا انتخاب ہم خود کریں گے،پاکستان کے شاہینوں نےلائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا جبکہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی حراست میں لے لیا ہے ۔پاک فضائیہ کی جانب سے ہندوستان کو دندان شکن جواب دینے پر پورے بھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے ۔