شاہ محمود قریشی کے بیلجئم اور سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطے ، بھارت کشیدگی بارے آگاہ کیا

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیلجئم اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کرکے پاک بھارت کشیدگی کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب عادل الجبیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور بھارت کے جارحانہ عزائم اور خطے کی کشیدہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے بیلجئم کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ امور ڈیڈیئر رنڈرز کو بھی ٹیلی فون کیا اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے خطے میں امن کی بگڑتی صورتحال پر تشویش سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت سیاسی مقاصد کیلئے خطے کا امن تہہ و بالا کررہا ہے جبکہ وزیراعظم پاکستان نے امن کا پیغام دیتے ہوئے ہندوستان کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دی ہے۔بیلجئم کے وزیر خارجہ ڈیڈیئر رنڈرز نے دونوں ممالک کو تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ جنوبی ایشیا ءمیں کشیدگی کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔