جنگی قیدی بھارتی پائلٹ کے ساتھ کیسا سلوک کیا جائیگا ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے بتا دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے کہاہے کہ بھارتی پائلٹ کے ساتھ جنیوا کنونشن کے تحت اچھا سلوک کیا جائیگا لیکن اگر ہمارا پائلٹ بھارت میں ہوتا تو شائد اس کے ساتھ ایسا سلوک نہ ہوتا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے کہا کہ جنیوا کی چار کنونشنز ہیں جو مختلف اوقات میں کی گئی ہیںجن میں پہلا یہ ہے کہ جنگی قیدیوں سے اچھا سلوک کیا جائیگا ، ان کی خوراک کا خیال رکھا جائیگا، دوسرا یہ ہے کہ آپ کسی ہسپتال پر حملہ نہیں کرسکتے ، تیسرا یہ ہے کہ قیدیوں کو اگر کسی گاڑی میں لے جایا جارہاہے اور ایمبولینس ہے تو آپ اس پر حملہ نہیں کرسکتے ، چوتھا کنونش یہ ہے کہ عام آبادی پر حملہ نہیں کیا جائیگا ۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کے ساتھ جنیوا کنونشن کے تحت اچھا سلوک کیا جائیگا لیکن اگر ہمارا پائلٹ بھارت میں ہوتا تو شائد اس کے ساتھ ایسا سلوک نہ ہوتا ۔ او آئی سی میں بھارت کو دعوت دینے کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سعودی عرب کواعتماد میں لینے کی ضرورت ہے کیونکہ سعودی ولی عہد نے خود کہا تھا کہ میں سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر ہوں ۔