پاکستان نے ثابت کر دکھایا کہ ہماری امن پسندی کمزوری نہیں: فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ثابت کر دکھایا کہ ہماری امن پسندی کمزوری نہیں، دنیا نے جان لیا کہ پاکستان اپنی خود مختاری، سلامتی اور دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا آج کے دن ہماری بہادر اور سربکف افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے آج کے دن بھارتی غرور کا بت پاش پاش کر دیا۔پاکستان نے دنیا پر ثابت کر دکھایا کہ ہماری امن پسندی کمزوری نہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا اپنے ٹوئٹ میں کہناتھا کہ دنیا نے جان لیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اوردفاع کی بھرپورصلاحیت رکھتا ہے۔ہمارے گھر میں گھسنے کی جوبھی کوشش کرے گا اس کاانجام وہی ہوگا جو 27 فروری 2019 کو بھارتی طیاروں کا ہوا تھا۔ہم نے اپنی مرضی اوروقت پ بھارتی نام نہادسٹرائیک کا زعم خاک میں ملادیا۔
انہوں نے کہا کہ آج قوم اس عزم کی تجدید کے ساتھ یہ دن منا رہی ہے کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں۔پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کے خلاف قوم یک زبان اور سربکف ہے۔
معاون خصوصی کا مزید کہناتھا کہ پاکستان امن کا خواہاں اور پرامن بقائے باہمی کے اصول کا قائل ہے لیکن جارحیت مسلط کی گئی تو دشمن کو 27 فروری کا سرپرائز پھر یاد دلائیں گے۔