سعودی عرب کی جانب سے عمرہ پر پابندی کااعلان، پی آئی اے کا موقف بھی آگیا، اہم ہدایات جاری

سعودی عرب کی جانب سے عمرہ پر پابندی کااعلان، پی آئی اے کا موقف بھی آگیا، اہم ...
سعودی عرب کی جانب سے عمرہ پر پابندی کااعلان، پی آئی اے کا موقف بھی آگیا، اہم ہدایات جاری

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب کی جانب سے عمرہ زائرین پر پابندی کے اعلان کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا موقف بھی سامنے آگیا ہے، قومی ایئر لائن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے تمام افراد جو عمرہ کی ادائیگی یا سیاحت کی غرض سے سعودی عرب جانے کاارادہ رکھتے ہیں انہیں اطلاع دی جاتی ہے کہ وہ اب سعودی عرب کا سفر نہیں کرسکیں گے۔

پی آئی کے ٹویٹر اکاونٹ پر جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ’معززمسافروں کو اطلاع دی جاتی ہے کہ سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی ہدایات کے بعد عمرہ یا سیاحت کی غرض سے مملکت کا سفر کرنے پر فوری طورپر پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم پی آئی اے سعودی عرب میں پہلے سے موجود عمرہ زائرین کی واپسی تک اپنی پروازوں کا سلسلہ جاری رکھے گی‘۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ایسے تمام مسافر جن کے پاس سعودی عرب میں مستقل رہائش کا اجازت نامہ موجود ہے وہ مملکت کا سفر کرسکتے ہیں اور اس سلسلے میں سعودی عرب آنے جانے والی تمام پروازوں کا سلسلہ جاری رہے گا‘۔ قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ ’پی آئی اے سعودی حکومت کی ہدایات پر من و عن عمل کرے گی‘۔متعلقہ مسافروں کو ہدایات کی جاتی ہے کہ وہ مزید تفصیلات کیلئے اپنے ٹریول ایجنٹس سے رابطہ کریں یا پھر پی آئی اے کی بین الاقوامی ہیلپ لائن+(92-21)-111-786-786پر رابطہ کریں۔

یاد رہے کہ سعودی حکومت نے کرونا وائرس سے بچاو کیلئے دنیا بھر سے عمرہ کیلئے مکہ یا مدینہ آنے والوں پر پابندی کااعلان کیا ہے۔

مزید : قومی /عرب دنیا