کرونا وائرس ، وہ ادارہ جس نے اپنے ملازمین کے ہاتھ ملانے اور گلے لگنے پر پابندی عائد کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے شہری اداروں کے ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری، ایک دوسرے سے گلے ملنے اور ہاتھ ملانے پر پابندی عائد کردی۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں کرونا وائرس کا کیس رپورٹ ہونے کے بعد وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے وفاقی شہری اداروں کے ملازمین کیلئے ہدایت نامہ جاری کردیا ۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ شہرے ادارے کرونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے اقدامات کریں، کرونا ایک وائرل انفیکشن ہے جو ایک سے دوسرے شخص کو منتقل ہوسکتا ہے اس لیے ملازمین غیر ضروری باہر نکلنے اور بھیڑ میں جانے سے گریز کریں ۔ شہری دفاتر کے باتھ رومز میں ڈسپوزایبل تولیے رکھے جائیں، شہری دفاتر کے ملازمین چار گھنٹے بعد صابن سے ہاتھ دھوئیں۔
ہدایت نامے کے مطابق دروازوں کی کنڈی، ہینڈل، سیڑھیوں کی ریلنگ اور ڈور لاک کو ہاتھ لگانے سے کرونا وائرس منتقل ہوسکتا ہے، کمپیوٹر کے ماﺅس اور کی بورڈ پر کرونا وائرس ہوسکتا ہے،کمپیوٹر آپریٹر ڈیوٹی کے دوران گلوز کا استعمال کریں، فلو ، کھانسی کا شکارملازمین ماسک کا استعمال کریں ۔
ضلعی انتظامیہ نے شہری اداروں کے ملازمین کے گلے ملنے اور ہاتھ ملانے پر پابندی عائد کردی اور کہا ہے کہ اس سے کرونا وائرس کی منتقلی کا خطرہ ہے، ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔