اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے کتنا ہدف دیا؟ جان کر آپ بھی بے اختیار کہہ اٹھیں گے ”اب مزہ آئے گا میچ کا“

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے کتنا ہدف دیا؟ جان کر آپ ...
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے کتنا ہدف دیا؟ جان کر آپ بھی بے اختیار کہہ اٹھیں گے ”اب مزہ آئے گا میچ کا“

  



راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کولن انگرام کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 188رنز کا ہدف دیدیا ہے، کولن انگرام نے 39 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے کولن انگرام اور شاداب خان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ لیوک رونکی نے پہلے اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر چوکا اور چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کئے مگر نسیم شاہ نے اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر ہی انہیں کلین بولڈ کر دیا۔ اوپننگ بلے باز کولن منرو اور ڈیوڈ ملان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں مجموعی سکور 36 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر نسیم شاہ نے ایک مرتبہ پھر شاندار ڈلیوی کے ذریعے ڈیوڈ ملان کو بھی کلین بولڈ کر دیا جنہوں نے 9 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنائے۔

کولن منرو نے عمدہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا تاہم 56 کے مجموعی سکور پر محمد حسنین کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 20 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور کولن انگرام نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 76 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 132 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر شاداب خان بین کٹنگ کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں محمد نواز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 25 گیندوں پر 2 چھکوں 3 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔

شاداب خان کی وکٹ گرنے کے بعد میدان میں آنے والے آصف علی نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی اور 2 چھکے بھی لگائے تاہم جلد ہی ٹیمل ملز نے انہیں قابو کر لیا جن کی گیند پر شاٹ لگانے کی کوشش میں وہ جیسن روئے کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 10 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے۔ آل راﺅنڈر فہیم اشرف خاصے بدقسمت رہے اور 4 گیندوں پر 4 رنز بنا کر احمد شہزاد کی تھرو پر رن آﺅٹ ہو گئے۔ آخری اوورز میں کریز پر آنے والے عماد بٹ نے بھی جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی اور ٹیمل ملز کو ایک زوردار چھکا بھی لگایا تاہم اگلی ہی گیند پر وہ ایک مرتبہ پھر شاٹ مارنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔ کولن انگرام نے ایک اینڈ سے وکٹیں گرنے کا دباﺅ بھی نہ لیا اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے 39 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر حریف ٹیم کو اچھا ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 23 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹیمل ملز نے 4 اوورز میں 34 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین اور بین کٹنگ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں لیوک رونکی، کولن منرو، ڈیوڈ ملان، کولن انگرام، آصف علی، رومان رئیس، فہیم اشرف، عماد بٹ، احمد سفی عبداللہ اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے، شین واٹسن، احمد شہزاد، اعظم خان، محمد نواز، نسیم شاہ، ٹیمل ملز، محمد حسنین، سہیل خان اور بین کٹنگ شامل ہیں۔

یاد رہے اسلام آباد یونایئٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹورنامنٹ میں اب تک تین، تین میچز کھیلے ہیں اور دونوں نے ہی 2,2 میچوں میں کامیابی حاصل کی اور 4 پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

مزید : کھیل /PSL /PSL News Update