سینیٹر سراج الحق نے اوآئی سی سےبڑا مطالبہ کرتے ہوئے مسلم اُمہ کے دل کی بات کہہ دی

سینیٹر سراج الحق نے اوآئی سی سےبڑا مطالبہ کرتے ہوئے مسلم اُمہ کے دل کی بات ...
سینیٹر سراج الحق نے اوآئی سی سےبڑا مطالبہ کرتے ہوئے مسلم اُمہ کے دل کی بات کہہ دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تیمر گرا(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ او آئی سی ہندوستان کا معاشی بائیکاٹ کرے اور مسلمانوں سمیت بھارتی اقلیتوں کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائی جائے،ملک نااہل اور نالائق حکمرانوں کے ہتھے چڑھ گیاہے،کل کے حکمران ہوں یا آج کے ،کسی نے بھی پاکستان کے نظریے سے وفا نہیں کی جس کی وجہ سے ملک دو لخت ہوا اور باقی ماندہ مسائل کی آماجگاہ بنا ہواہے،حکمران ہماری غیرت ، عزت اور وقار کی حفاظت نہیں کر سکے،وزیراعظم اپنے بیرونی دوروں میں پوری قوم کو کرپٹ اور چور قرار دے کر سلطانی گواہ بن جاتے ہیں،حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے آج پورے ملک میں کرونا کا خوف و ہراس پھیل چکاہے،چائینہ میں دو ماہ سے کرونا وائرس سے اموات ہور ہی تھیں ، مگر حکمران ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے اور اس وبا سے بچاؤ کے لیے کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا گیا،افغانستان اور ایران کے ساتھ ہمارا سینکڑوں کلو میٹر بارڈر ملتاہے،دونوں ممالک میں کرونا کے کیسز سامنے آنے کے باوجود ان بارڈر ز پر سکریننگ کا انتظام کیا گیا نہ اس کے سدباب کی کوئی کوشش کی گئی جس کی وجہ سے یہ وبا پاکستان میں بھی داخل ہوگئی ،وائرس سے خوف زدہ ہونے کی بجائے اللہ سے اجتماعی توبہ و استغفار کی ضرورت ہے ۔

 تیمر گرا میں جے آئی یوتھ کے زیراہتمام سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت عالمی صیہونی اداروں اور این جی اوز کی سرپرستی سے ملک میں ایسے پروگرامات متعارف کرا رہی ہے جن کا مقصد قوم کو بھکاری بنانااور نوجوانوں کو کاہلی ، سستی اور مایوسی کے اندھیروں میں دھکیلنا ہے ، یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے تاکہ آنے والی نسلیں آئی ایم ایف کی اسیررہیں ،حکمران چاہتے ہیں کہ نوجوان روزگار مانگنے کی بجائے قطاروں میں لگ کر مفت کا کھائیں اور پناہ گاہوں میں پڑ کر سو رہیں ، یہ پوری قوم کو مفت خور اور نکما بنانے پر تلے ہوئے ہیں، اس سے بہتری نہیں بلکہ زیادہ ابتری پھیلے گی اس لیے نوجوانوں کو اسوہ  رسولﷺ پر عمل کرتے ہوئے محنت مزدوری کر کے اپنے عزت و وقار کو برقرار رکھنا ہے، نوجوان بھوکے رہ کر تو گزارا کر لیں گے مگر ہاتھ پھیلانے کی ذلت گوارا نہیں کریں گے ۔ 
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عالمی سامراج کے غلام حکمران ہمارے مدارس اور مساجد کو دہشتگردی کے مراکز قرار دے کر انہیں اپنی وفاداری کا یقین دلاتے ہیں ۔ یہ بزدل حکمران کفر کی طاقتوں کے سامنے کھڑا ہونے کی بجائے ان کے اشاروں پر ناچتے ہیں، شیر دل قوم کی قیادت گیدڑوں کے ہاتھ میں آگئی ہے،یہ انگریز کی غلامی کا حق ادا کر رہے ہیں ، ان لوگوں نے تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمران بھی صرف حکمرانی کے لیے ملک میں آتے ہیں ، ان کی اولادیں اور کاروبار امریکہ اور برطانیہ میں ہیں ۔ یہ قوم کو علاقائی اور مسلکی تعصبات کی بنیادوں پر تقسیم کر کے ملک پر مسلط ہو جاتے ہیں اور پھر قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک چلے جاتے ہیں ۔ان حکمرانوں کے خلاف اجتماعی جدوجہد کی ضرورت ہے 

مزید :

قومی -