خیبر پختونخوا کے مشیر بلدیات کامران بنگش نےسابق وزیرا علیٰ اکرم خان درانی پر سنگین ترین الزام عائد کر دیا
چارسدہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختون خوا کے مشیر بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ سابق وزیرا علیٰ اورجمعیت علمائے اسلام ف کے رہنمااکرم خان درانی نے سپیکر کو اسمبلی میں گالیاں دیں ، اپوزیشن اور سینئیر پارلمنٹیرین کے منفی کردار سے اسمبلی کا ماحول خراب ہے، خیبر پختونخوا میں امسال بلدیاتی انتخابات منعقد کئے جائینگے،بلدیاتی اداروں اور نمائندوں کے کرپشن کے حوالے سے ٹھوس ثبوتوں کی موجود گی میں کاروائی ہوگئی۔
ٹی ایم اے چارسدہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئےمشیر بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ عوام نے ووٹ دیکر ممبران کو اپنے مسائل اور قانون سازی کے لیے اسمبلی بھیجا مگر اپوزیشن ممبران اسمبلی عوامی مسائل کو اسمبلی فلور پر اٹھانے کی بجائے ہلڑ بازی اور گالم گلوچ پر اتر آئے ہیں۔انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ سابق وزیر اعلی اور سینیئر پارلیمنٹیرین اکرم خان درانی نے اسمبلی فلور پر سپیکر کو گالیا ں دی، اپوزیشن کے منفی رویوں کے باوجود صوبائی حکومت اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کامران بنگش نے کہا کہ امسال خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جائیں گے جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کی گئی ہے،بلدیاتی اداروں میں عوام کرپشن کے حوالے سےٹھوس ثبوت فراہم کریں توحکومت ان کےخلاف ضرور کارروائی کرے گی۔