حفاظتی ماسک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا

حفاظتی ماسک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا
حفاظتی ماسک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظراسلام آباد انتظامیہ نے حفاظتی ماسک کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے دو ماہ کیلئے دفعہ 144نافذ کردی،دوسری جانب آئی جی اسلام آباد نے ماسک کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دیدی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق شہر بھر میں ماسک کے حوالے سے دفعہ 144 پہلے ہی نافذ کردیا گیا ہے،انتظامیہ نے سٹیزن پورٹل پر بھی ماسک کے حوالے سے شکایات کو جانچنا شروع کردیا ہے۔حمزہ شفقات نے کہا کہ فارمیسیوں میں ماسک کی قیمت اور دستیابی کو چیک کیا جا رہا ہے، شہر بھر میں مختلف فارمیسیوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں،اگر کہیں ماسک مہنگے فروخت ہو رہے ہیں تو فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد میں موجود اسپتالوں نے اپنے ملازمین کیلئے بڑے پیمانے پر ماسک کی خریداری کی ہے، ہسپتالوں کی جانب سے ماسک خریدنے پر تھوڑی سی شارٹج ہوئی ہے جسے پورا کیا جا رہا ہے،دوسرے شہروں سے ماسک منگانے شروع کر دیئے ہیں، متبادل ماسک بھی منگوا رہے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی پولیس بھی کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے حرکت میں آ گئی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد پولیس محمد عامر ذوالفقار خان نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ ماسک کی بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کے لئے انتظامیہ کے احکامات پر عمل در آمد یقینی بنایا جائے، جو بھی دوکاندار ماسک زائد قیمت پر فروخت کر رہا ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔آئی جی نے ہدایت کی کہ ماسک کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو بھی پکڑا جائے،تمام ایس پیز اپنے علاقوں میں ماسک فروخت کرنے والوں پر نظر رکھیں۔