افغان امن عمل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہوگا، وزیر اعظم کی امیر قطر سے ملاقات کا اعلامیہ جاری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغان امن عمل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہوگا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارت میں جاری مسلم مخالف فسادات پر شدید تشویش ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے دورہ قطر کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے امیر قطر سے ون آن ون ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی وعالمی امور پر گفتگو کی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان سماجی ومعاشی پارٹنر شپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ طالبان معاہدے میں قطر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز افغان امن عمل کیلئے کردار ادا کریں۔
امیر قطر سے ملاقات میں وزیر اعظم نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت میں جاری مسلم مخالف فسادات پر شدید تشویش ہے،ہندو توا نظریے سے متاثر مودی سرکار فسادات کی ذمہ دار ہے۔