اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ ہارنے کی وجہ کیا بنی؟ شاداب خان نے وجہ بتا دی
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے آخری اوورز میں ناقص بیٹنگ اور ڈیتھ اوورز میں غیر متاثرکن باﺅلنگ کو شکست کی وجہ قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شادابخ ان نے کہا کہ ہم بیٹنگ میں بھی اچھا خاتمہ نہیں کر سکے اور ڈیتھ اوورز میں باﺅلنگ بھی بہتر نہیں ہوئی جس کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 14 اوورز میں 150 رنز بن چکے تھے مگر آخری 6 اوورز میں رنز نہیں بنا پائے، ہم اپنی غلطیوں سے سیکھ رہے ہیں اور آئندہ میچز میں بہتر کھیل پیش کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عماد بٹ ڈیتھ اوورز میں اچھی باﺅلنگ کرتے ہیں اور ان پر اعتماد بھی ہے اس لئے آخری اوور انہیں کروایا، محمد نواز کریز پر موجود تھے اس لئے خود باﺅلنگ کروانے کا رسک نہیں لیا بہرحال میچ کا نتیجہ ہمارے حق میں نہیں ہو سکا۔
انہوں نے راولپنڈی سٹیڈیم میں تماشائیوں کی بڑی تعداد میں آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں پہلی مرتبہ کھیل رہا ہوں اور بہت اچھا لگ رہا ہے، جس طرح آج تماشائیوں نے سپورٹ کیا، امید ہے آئندہ بھی کرتے رہیں گے اور میری اپیل ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ سٹیڈیم آئیں تاکہ پوری دنیا کو پیغام ملے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔