”میں نے ٹورنامنٹ میں ابھی تک ایسی وکٹ نہیں دیکھی اور۔۔۔“ سرفراز احمد نے میچ جیتنے کے بعد ایسا کیوں کہا؟
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی وکٹ کو ٹورنامنٹ میں اب تک کی بہترین وکٹ قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل کا پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا جس میں کوئٹہ نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔
سرفراز احمد نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے میچ کیلئے بہت زبردست وکٹ تیار کی گئی جس کا کریڈٹ گراﺅنڈ مین کو ضرور دینا چاہئے کیونکہ میرے خیال سے ٹورنامنٹ میں اب تک کی سب سے بہترین وکٹ تھی جس پر باﺅلرز کو بھی مدد مل رہی تھی اور بلے بازوں کیلئے کھیلنا بھی زیادہ مشکل نہیں تھا۔