اگر کسی کو جھوٹ بولنے کا ورلڈ کپ دیاجائیگا تو وہ عمران خان  کی حکومت ہو گی : سراج الحق

اگر کسی کو جھوٹ بولنے کا ورلڈ کپ دیاجائیگا تو وہ عمران خان  کی حکومت ہو گی : ...
اگر کسی کو جھوٹ بولنے کا ورلڈ کپ دیاجائیگا تو وہ عمران خان  کی حکومت ہو گی : سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بہاولپور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ موجودہ حکمرانوں کو پانچ سال کی بجائے سو سال بھی حکومت کا موقع مل جائے تو ڈیلیور نہیں کر سکتے، وزیر اعظم نے ڈھائی برسوں میں صرف جھوٹ بولنے کی سپیشلائزیشن کی ہے، انھیں اس پر بھی ورلڈ کپ ملنا چاہیے، پڑوس کے ممالک میں کوئی چاند پر جانے کی تیاریاں کر رہا ہے تو کوئی الیکٹرانک کاریں بنا رہا ہےمگر ہمارے یہاں صرف قوم کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اورپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں پر ہر دور میں کسی نہ کسی طرح اسٹیبلشمنٹ کی نوازشات جاری رہیں۔ دونوں اطراف کا جھگڑا صرف دودھ کی بوتل کے حصول کے لیے ہے، پنجاب اسمبلی میں سینیٹرز کے چناؤ کے لیے دو بڑی پارٹیوں کا مک مکا پوری قوم نے دیکھ لیا، ثابت ہو گیا ظالم اکٹھے ہیں۔

 بہاولپور میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بنگلہ دیش سمارٹ فون بنا رہا ہے، سری لنکا میں انڈسٹریل زونز بن رہے ہیں، انڈیا چاند پر جا رہا ہے، ترکی الیکٹرانک کار بنا رہا ہے،جب کہ ہماری حکومت جھوٹ بول کر اور یوٹرنز لے کر عوام کو بے وقوف بنانے میں مصروف ہے،ان کا وژن اور کارکردگی بری طرح ایکسپوز ہو چکی ہے، 73سال سے پاکستان کے عوام ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے منتظر ہیں مگر جاگیرداروں اور ڈکٹیٹروں نے ہمیشہ عوام کے ارمانوں کا خون کیا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قیمتی معدنیات اور چار موسموں سے نوازا ہے، یہاں آبپاشی کا بہترین نظام ہے،پاکستان ان دس بڑے ملکوں میں شامل ہے جہاں سیاحت کے وسیع مواقع ہیں مگر اس ملک پر شوگر، پیٹرول، آٹا اور ٹمبر مافیاز کا راج ہے،یہ مافیاز اقتدار پر قابض پارٹیوں کو الیکشن میں سپانسر کرتے ہیں اوربعد میں ان سے فائدے لیتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مدینہ کی اسلامی ریاست کا نعرہ لگایا لیکن ایک قدم بھی اس جانب نہیں بڑھایا،آج پرانے اور نئے حکمران سب اکٹھے ہو گئے ہیں جس کا مظاہرہ پنجاب اسمبلی میں سینیٹ الیکشن میں مک مکا کی صورت میں سب کے سامنے آگیا، پی ٹی آئی اگر آج اسٹیبلشمنٹ سے این آر او لے کر حکومت کے مزے لے  رہی ہے، تو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے ماضی میں بار بار ایسا کیا لیکن اب عوام کو مزید بے وقوف بنانے کا وقت گزر چکا ہے ، پاکستان جرنیلوں، نوابوں، خوانین، شہزادے اور شہزادیوں کی حکومت کرنے کے لیے نہیں بنا،پاکستان میں پاکستانیوں کی حکومت ہو گی اور یہاں قرآن و سنت کے نظام قائم ہو گا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ نظام ایک ایسا بوسیدہ نظام ہے جس میں غریب کا بچہ گندگی کے ڈھیر پر روٹی کے ٹکڑے تلاش کرتا پھرتا ہے، ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں،غریب کو علاج کے لیے ہسپتال سے ڈسپرین کی گولی تک میسر نہیں،سینیٹ الیکشن میں کروڑوں کی بولیاں لگتی ہیں جب کہ ملک کے کروڑوں عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں،پاکستان میں پانچ دریا ہیں، مگر سستی بجلی ندارد، وزیراعظم نے کرپٹ اور نااہل لوگوں کو عوام کی گردنوں پر مسلط کر دیا، امپورٹ شدہ مشیر اور وزیر قوم کی تقدیر کے فیصلے کرتے ہیں۔ موجودہ حکومت نے نااہلی اور بدانتظامی کے نئے ریکارڈ قائم کیے،جماعت اسلامی کو اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو غریب کو سستا اور بروقت انصاف میسر ہو گا۔بچوں کو مفت تعلیم ملے گی اور عوام کو مفت ادویات،ملک کی مظلوم عوام کو نوید سناتا ہوں کہ وڈیروں اور خوانین کا دور ختم ہونے کو ہے،پاکستان کا مستقبل اسلامی نظام میں ہے،چولستان کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کوئی طاقت ان سے ان کی زمینیں نہیں چھین سکتی،جماعت اسلامی ملک کے پسماندہ طبقات کی آواز ہے،مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔