کرپشن کیس: عمراکمل کی سزاکم، بھاری جرمانہ عائد 

کرپشن کیس: عمراکمل کی سزاکم، بھاری جرمانہ عائد 

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)عالمی ثالثی عدالت نے میچ فکسنگ کرپشن کیس میں  عمر اکمل کی سزا18 ماہ سے کم کر کے12ماہ کردی جبکہ  42 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ عمر اکمل جرمانہ  جمع کرانے کے ساتھ پی سی بی کے سطے شدہ ری ہیب پروگرام  کے بعد کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے۔عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل کے دو موبائل فونز واپس کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا۔تفصیلات کے مطابق عالمی ثالثی عدالت نے انڈیپنڈ نٹ ایڈجوڈیکٹر کے فیصلے کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈاور عمر اکمل کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں پر فیصلہ سنادیا ہے۔ فیصلے کے مطابق پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق  2.4.4کی ایک مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر 12 ماہ کی پابندی اور بیالیس لاکھ اور پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔20 فروری 2020 کو معطلی کا شکار ہونے والے عمر اکمل اب بیالیس لاکھ پچاس ہزار روپے کی رقم جمع کرانے کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے سیکیورٹی اور اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے طے شدہ ری ہیب پروگرام پر عمل کرکے دوبارہ مسابقتی کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے۔عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل کے دو موبائل فونز واپس کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔ یہ دونوں موبائل فونز تحقیقات کی غرض سے پی سی بی کے سیکورٹی اینڈ دیجلنس ڈیپارٹمنٹ کی تحویل میں ہیں۔اس سے قبل 27 اپریل 2020 کو انڈیپنڈنٹ ڈسپلنری پینل کے چیئرمین نے پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 2.4.4کی 2 مختلف مواقع پر خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر تین سال کی معطلی عائد کی گئی تھی۔عمر اکمل نے فیصلے کے خلاف اپیل کا اپنا حق استعمال کیا، جس پر29 جولائی 2020 کو انڈیپنڈنٹ ایڈجوڈیکٹر نے ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ بیٹسمین کی نااہلی کو 18 ماہ تک کردیا تھا۔

۔اس فیصلے کے خلاف پی سی بی اور عمر اکمل دونوں نے عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی تھی، جس پر فیصلہ اب سنایا گیا ہے۔پی سی بی نے دونوں چارچز پرسزا بڑھانے اور عمر اکمل نے ختم کروانے پر اپیل کی۔"پی سی بی نے ایک بار پھر تمام شرکاء کو ہدایت کی ہے کہ وہ اینٹی کرپشن سے متعلق کسی بھی واقعے کی اطلاع فوری طور پر اینٹی کرپشن کے آفس میں کریں تاکہ ہم ان چند افراد کا مکمل خاتمہ کرسکیں جو کرکٹرز کو آسانی سے پیسہ کمانے کی طرف راغب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -