آئندہ میچوں میں کامیابی حاصل کریں گے، بین کٹنگ

آئندہ میچوں میں کامیابی حاصل کریں گے، بین کٹنگ

  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ  نے کہا  ہے کہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل ایڈیشن 6 میں آئیڈیل آغاز تو نہیں حاصل کرسکے ہیں لیکن ابھی ٹورنامنٹ میں کافی میچز باقی ہیں، بہت کچھ تبدیل ہوسکتا ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں 34سالہ آلرؤانڈر نے کہا کہ پی ایس ایل میں اب تک جو ٹیم بعد میں بیٹنگ کررہی ہے اس کی جیت ہورہی ہے۔

، ایسے میں ٹاس کا کردار کافی اہم ہوجاتا ہے، شام میں اوس ہوتی ہے اس لیے ضروری ہے کہ جب بیٹنگ کریں تو اچھا اسکور کریں اور بولنگ میں بھرپور انداز میں اسکور کا دفاع کریں۔ انہوں نے اب تک دونوں میچز میں شکست پر کسی ایک شعبے کو الزام نہیں دیا بلکہ کہا کہ بیٹنگ اور بولنگ دونوں کو ہی بہتر کرنا ہوگا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ اور آئی پی ایل دو ٹاپ لیگز ہیں۔

 جس میں معیار بھی ہے اور وقار بھی ہے، پی ایس ایل ایک اچھی لیگ اس لیے بھی ہے کیوں کہ اس میں ہر ٹیم کے پاس ایسے بولرز ہیں جو 130یا 140کی رفتار سے بولنگ کراتے ہیں، وکٹیں بیٹنگ کیلئے سازگار ہوتی ہیں جس سے مقابلہ پرجوش ہوجاتا ہے۔چار ون ڈے اور سات ٹی ٹوینٹی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر نے پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان بیٹسمین اعظم خان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اعظم کا مستقبل تابناک ہے، وہ ایک ایسا بیٹسمین ہے جو بولرز کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے کیوں کہ وہ الٹے سیدھے شاٹس کھیلنے کی بجائے اچھی ہارڈ ہٹنگ کرتا ہے۔بین کیٹنگ نے کہا کہ یہ ان کا تیسرا دورہ پاکستان ہے اور کسی بھی موقع پر انہیں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوا، پاکستان میں اپنا وقت ہمیشہ انجوائے کیا اور آئندہ بھی کبھی پاکستان آنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی۔  انہوں نے کہا کہ جس انداز میں پی ایس ایل میں سیکیورٹی کے انتظامات ہوئے اس کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی راہیں بھی ہموار ہوئیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -