الخدمت اور بیت المال مل کر فلاحی کاموں میں حصہ لیں گے

  الخدمت اور بیت المال مل کر فلاحی کاموں میں حصہ لیں گے

  

لاہور)پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اورپنجاب بیت المال کے مابین فلاحی کاموں میں تعاون کے حوالے سے ایک مفاہمتی یاددشت پر دستخط کئے گئے۔ اس حوالے سے الخدمت کمپلیکس لاہور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سینئر نائب الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان صدر سید احسان اللہ وقاص اور چیئرمین بیت المال پنجاب ملک اعظم نے معاہدے پر دستخط کئے۔ سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن شاہد اقبال، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال، جنرل مینجر پروگرامز حماد اختر اور صوبائی وزیر سماجی بہبود سید یاور عباس بخاری بھی موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید احسان اللہ وقاص نے بتایا کہ معاہدے کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن اور پنجاب بیت المال ملکرمعاشرے کے کمزور طبقے خواتین،بیواؤں اور معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گے۔

پنجاب بیت المال اور الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت پنجاب بھر میں مستحق خواتین خصوصاََ بیواؤں میں سلائی مشینیں تقسیم کی جائیں گی۔ملک اعظم نے اس موقع پر کہا کہ دین اسلام ہمیں انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے ذریعے ایک نئے پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کا براہ راست فائدہ مستحق خواتین بالخصوص بیواؤں کو ہوگا۔ سید یاور عباس بخاری نے اس موقع پر کہا کہ انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر اور کوئی عبادت نہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کی دکھی انسانیت کے لئے خدمات قابلِ تقلید ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -