صوبہ بھر میں بلوچ کلچر ڈے پر تقریبات ہونگی، لاہو ر کی تاریخ میں ناقابل فراموش تبدیلی آرہی ہے: وزیراعلٰی پنجاب

      صوبہ بھر میں بلوچ کلچر ڈے پر تقریبات ہونگی، لاہو ر کی تاریخ میں ناقابل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب نے والٹن ائیرپورٹ پر لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے میگاپراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ 2مارچ کو صوبہ بھر میں بلوچ کلچر ڈے پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، انہوں نے پنجاب سے بلامقابلہ منتخب ہونے پر پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ق)کے سینٹ امیدواروں کو مبارکباد دی اور بھارتی طیارے گرانے کے2برس مکمل ہونے پر ”سرپرائز ڈے“ پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ 27 فروری 2019ء  پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے،دریں اثناء سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات محمدندیم قریشی نے ملاقات کی اورحلقے کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے والٹن ائیرپورٹ پر لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے میگاپراجیکٹ کا سنگ بنیادرکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے لاہور میں ایک اور تاریخ ساز سنگ میل عبور کیاہے۔ لاہور کی سماجی، اقتصادی اور ثقافتی تاریخ میں ناقابل فراموش تبدیلی آ رہی ہے اور اس تبدیلی کا آغاز راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ سے کیاگیا۔ لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا منصوبہ 3 مراحل میں مکمل کیا جائے گا اوریہ منصوبہ مجموعی طور پر 300 ایکڑ اراضی پر بنے گا۔پہلا فیز 128 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہوگا انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق پہلے فیز میں تقریباً 1300 ارب روپے کی بزنس و کمرشل ایکٹویٹی ہوگی۔پہلے فیز میں کمرشل ڈسٹرکٹ قائم کیا جائے گا جبکہ دوسرے فیز میں ڈیجیٹل ڈسٹرکٹ اور تیسرے فیز میں ریذیڈنشل (رہائشی) ڈسٹرکٹ قائم ہوگا۔اس میگاپراجیکٹ میں ہائی رائز بلڈنگز بنیں گی۔منصوبے کا ڈیزائن لاہور کی ثقافت کا آئینہ دار ہوگا۔لاہور کے تاریخی دروازوں کی طرز پر اس پراجیکٹ کے داخلی و خارجی راستوں کو تعمیر کیا جائے گا۔عمارتوں کے روف ٹاپ پر درخت اور پودے لگا کر ماحول دوست اقدامات کیے جائیں گے اور منصوبے کے حوالے سے شجرکاری کو خصوصی اہمیت حاصل رہے گی۔انہوں نے کہا کہ کمرشل ایریا، کارپوریٹ آفس، اپارٹمنٹ بلڈنگ، ہوٹل، آئی ٹی اینڈ ٹریڈ ٹاور، بینک سکوائر، شاپنگ مال قائم ہونگے۔پارکس اینڈ گرین ایریاز، ہیلتھ کلب، یوٹیلٹی سروسز اور ایڈمنسٹریٹو بلڈنگ بھی قائم کی جائیں گی۔لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا عظیم الشان منصوبہ ایک گیم چینجرپراجیکٹ ہے۔ اس منصوبے سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت راوی کنارے ایک ایسا شہر آباد کیاجارہاہے۔ جہاں 20لاکھ سے زائد لوگوں کو بہترین رہائشی سہولتیں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں خاص طور پر اربن فاریسٹ پراجیکٹ کے تحت ایسے درخت لگائے جا رہے ہیں جو زیادہ کاربن جذب کرنے اور زیادہ آکسیجن خارج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے لاہور میں اس پراجیکٹ کا ”میاواکی“ پودا لگا کر آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے لعل شہباز قلندرانڈرپاس مکمل ہو چکا ہے۔شاہکام چوک اور کریم بلاک مارکیٹ چوک پر انڈر پاس اور فلائی اوور بنائے جائیں گے۔فیروزپور روڈ پر گلاب دیوی ہسپتال کے قریب اوربند روڈ پر سمن آباد کی جانب جانیوالے چوک پر انڈر پاس بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور ریلوے سٹیشن سے شیرانوالہ گیٹ تک اندرون شہر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کیلئے اوورہیڈ برج بھی بنایاجائیگا۔ فیروز پور روڈ پرایک ہزار بیڈ کا جنرل ہسپتال 124 کنال اراضی پر 9 اب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔گنگارام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال پر کام جاری ہے اور اس ہسپتال کو تقریباً 4ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کو یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسزکا درجہ دیا گیا ہے۔سروسزہسپتال میں ریڈیالوجی بلاک مکمل ہو چکا ہے۔ لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ پر جدید بس ٹرمینل بنایا جائے گا۔پہلے مرحلے میں لاہور میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی اور ان ماحول دوست بسوں سے شہر کی فضا آلودہ نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں بارش کے پانی کے بروقت اخراج اور ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک بن چکا ہے۔ 10مزید انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بھی بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پرانی بوسیدہ سیوریج لائن کو بتدریج بہتر کیا جائیگااوراس کا آغاز حاجی کیمپ سے راوی کی جانب نکاسی کی بڑی پائپ لائن سے کردیا گیاہے۔ پنجاب بینک اور ایل ڈی اے کے درمیان لاہور میں 4 ہزار فلیٹس کی تعمیر کے سلسلے میں معاہدہ طے پاچکا ہے۔ مجموعی طور پر 8 ہزار کنال اراضی پر 35 ہزار سے زائد اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔یہ فلیٹ کم آمدن والے طبقات کو آسان شرائط پر دئیے جائیں گے۔علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے صوبہ بھر میں بلوچ کلچر ڈے کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارکا کہنا ہے کہ 2مارچ کو صوبہ بھر میں بلوچ کلچر ڈے پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گااورلاہور سمیت پنجاب کے اضلاع میں بلوچ کلچر ڈے پر ثقافتی شوز اور کلچرل تقریبات منعقد ہوں گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پنجاب سے بلامقابلہ منتخب ہونے پر پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ق)کے سینٹ امیدواروں کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حکومتی اتحاد کے نومنتخب سینیٹرز سیف اللہ نیازی،اعجاز احمد چوہدری،عون عباسی،بیرسٹر علی ظفر، ڈاکٹر زرقا تیموراورکامل علی آغاکیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے بھارتی طیارے گرانے کے2برس مکمل ہونے پر ”سرپرائز ڈے“ پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ 27 فروری 2019ء  پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرأت کی نئی تاریخ رقم کی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات محمدندیم قریشی نے ملاقات کی۔محمد ندیم قریشی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان جنوبی پنجاب کا اہم ترین شہر ہے۔ملتان میں 200بستروں پر مشتمل نیا ہسپتال بنایا جائے گا، پنجاب کابینہ اس ہسپتال کی منظوری دے چکی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -