پولنگ سٹیشن میں موبائل فون ممنوع، صدر، گورنرز سینیٹ کی انتخابی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے: الیکشن کمیشن 

پولنگ سٹیشن میں موبائل فون ممنوع، صدر، گورنرز سینیٹ کی انتخابی مہم کا حصہ ...

  

  اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ انتخابات کیلئے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے تحت صدر مملکت اور تمام صوبوں کے گورنر کسی انتخابی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے، ووٹرز پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون یا کوئی ایسا آلہ نہیں لے کر جائیں گے جس سے ووٹ کی تصویر بن سکے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا جس کے تحت سیاسی جماعتیں، امیدوار، ووٹرز اور الیکشن ایجنٹس کسی مخصوص رائے کی تشہیر نہیں کریں گے،سیاسی جماعتوں، امیدواران، ووٹرز اور الیکشن ایجنٹس کا کوئی عمل مذہبی تعصب اور ملکی نظریہ کے خلاف نہیں ہو گا،ملکی سالمیت اور پارلیمان کی بالادستی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی ایسا عمل قابل قبول نہیں ہو گا جس سے پارلیمان، عدالتوں اور فوج کا تقدس مجروح ہو، تمام سیاسی جماعتیں، امیدوار، ووٹرز اور الیکشن ایجنٹس الیکشن کمیشن کی گاہے بگاہے دی جانے والی ہدایات پر عمل درآمد کریں گے، سیاسی جماعتیں، امیدوار، پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز کسی غیر قانونی سرگرمی اور کرپشن میں ملوث نہیں ہوں گے، ضابطہ اخلاق کے تحت صدر مملکت اور تمام صوبوں کے گورنر کسی انتخابی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے،ووٹرز پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون یا کوئی ایسا آلہ نہیں لے کر جائیں گے جس سے ووٹ کی تصویر بن سکے۔

الیکشن کمیشن 

کراچی،اسلام آباد(نیوزایجنسیاں)سندھ میں سینیٹ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جاری کی گئی حتمی فہرست کے مطابق 7 جنرل نشستوں پر 10 امیدوار انتخاب لڑیں گے۔جنرل نشستوں پر ایم کیو ایم پاکستان کے فیصل سبزواری، پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا، جی ڈی اے کے صدرالدین شاہ، پیپلز پارٹی کی شیری رحمن، سلیم مانڈوی والا، جام مہتاب، شہادت اعوان، تاج حیدر، صادق میمن، دوست علی جیسر انتخاب لڑیں گے۔ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں پر4امیدوار حصہ لیں گے جن پر پیپلز پارٹی کے فارق ایچ نائیک، کریم خواجہ، پی ٹی آئی کے سیف اللہ ابڑوتحریکِ لبیک پاکستان جو پہلی مرتبہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لے رہی ہے کی طرف سے یشاء اللہ خان شامل ہیں۔خواتین کی 2 نشستوں پر 3 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان، رخسانہ شاہ اور ایم کیو ایم کی خالدہ طیب خواتین نشستوں کی امیدوار ہیں۔ادھروفاقی دارلحکومت سے سینیٹ الیکشن کے امیدواروں کی حتمی فہرست شائع ہو گئی۔وفاقی دارلحکومت سے جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی اور حفیظ شیخ مد مقابل  ہو ں گے۔خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد اور ن لیگ کی فرزانہ کوثر مد مقابل ہوں گی۔دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں سینیٹ الیکشن کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے فیصل واوڈا اورالیکشن کمیشن کو یکم مارچ کے لیے نوٹس جاری کردیے۔درخواست گزار قادر مندوخیل کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا نے 2018 سے اپنی دہری شہریت چھپا رکھی ہے۔

سینیٹ الیکشن 

مزید :

صفحہ اول -