حکومت مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنار ہی ہے: شوکت یوسفزئی 

حکومت مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنار ہی ہے: شوکت یوسفزئی 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے  وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت مزدوروں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی کم سے کم اجرت 17500 روپے پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات اور سہولیات دے کر صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کی موجودگی میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صنعتیں کم ہونے کی وجہ سے صوبہ خود مزدوروں کو مراعات دینے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا  اس لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ صوبے کے مزدوروں کو مراعات دینے کا سلسلہ جاری رکھے انہوں نے کہا کہ صوبہ کوشش کر رہا ہے کہ مزدوروں کی ضروریات یہی سے پوری کی جائیں مگر اس کے لیے وقت درکار ہوگا انہوں نے کہا کہ دو ہزار سے زائد رہائشی فلیٹس عنقریب مکمل ہو رہے ہیں جس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی محمود خان کریں گے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں جلد قانون سازی کرے تاکہ یہ فلیٹس غریب مزدوروں کو مفت دی جا سکیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ سے وابستہ ان صنعتی اور کوئلہ کان کے مزدوروں کو سہولیات دینے کا عمل سہل بنایا جائے گا۔ اجلاس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے اساتذہ کے سروس رولز  اور رہائشی فلیٹس کے حوالے سے پالیسی فیصلہ کرنے کے لئے آئندہ اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق ہوا۔

مزید :

صفحہ اول -