سپیشل اکنامک زونز میں ٹیکسز اور دیگر مراعات دینگے، اسد عمر

سپیشل اکنامک زونز میں ٹیکسز اور دیگر مراعات دینگے، اسد عمر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد(سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سپیشل اکنامک زونز میں ٹیکسز اور دیگر مراعات دیں گے، اس طرح غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان آ سکے گی۔انہوں نے کہا کہ فیڈمک کے اکنامک زونز معاشی ترقی کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ وہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سیلم باجوہ کے ہمراہ فیڈمک ہیڈ آفس میں ایک اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق، اراکین اسمبلی فرخ حبیب، فیض اللہ کموکا، شیخ خرم شہزاد، سی ای او فیڈمک عامر سلیمی و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک کے اکنامک زونز میں آمد و رفت کی آسانی کیلئے جھمرہ انٹرچینج کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک کو وافر مقدار میں بجلی اور گیس فراہم کی جائے گی۔چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فیڈمک کے سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو سروس سینٹر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سرمایہ کاری کرنے والوں سے دس سال تک انکم ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔ چیئرمین فیڈمک نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا پہلا فیز مکمل ہونے کے قریب ہے۔
اسد عمر

مزید :

صفحہ آخر -