پاکستان میں کورونا کا ایک سال مکمل ہونے پر اعداد و شمار جاری، اب تک کتنے کیسز رپورٹ ہوئے اور کتنی جانیں گئیں؟ 

پاکستان میں کورونا کا ایک سال مکمل ہونے پر اعداد و شمار جاری، اب تک کتنے کیسز ...
پاکستان میں کورونا کا ایک سال مکمل ہونے پر اعداد و شمار جاری، اب تک کتنے کیسز رپورٹ ہوئے اور کتنی جانیں گئیں؟ 
سورس: NCOC

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں  قاتل کورونا وائرس کے وار تاحال جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ عالمی وبا مزید 33 قیمتی انسانی جانوں کو نگل گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا کے ایک ہزار 315 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعداب تک ایک سال کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 78 ہزار 797 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا۔ آج این سی او سی نے جو اعداد و شمار جاری کیے ہیں وہ ایک دن پہلے یعنی 26 فروری 2021 کے ہیں۔ یعنی آج پاکستان میں کیسز کی جو تعداد بیان کی گئی ہے وہ 365 دنوں کے اعداد و شمار پر مبنی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں 33 افراد نے کورونا کے باعث زندگی سے ہاتھ دھوئے جس کے باعث اب تک اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہزار 837 ہوگئی ہے۔ اب تک ملک بھر میں پانچ لاکھ 44 ہزار 406 لوگ اس وبا سے صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

پاکستان میں سب سے زیادہ صوبہ پنجاب اس وبا سے متاثر ہوا ہے جہاں اب تک  پانچ ہزار 337 افراد جان کی بازی ہارے ہیں۔ کیسز کے اعتبار سے صوبہ سندھ سب سے آگے ہے جہاں دو لاکھ 57 ہزار 730 کورونا کے کیسز سامنے آئے  تاہم یہاں اب تک چار ہزار 335 افراد نے اس وبا کے باعث جان سے ہاتھ دھوئے۔ پنجاب میں اب تک ایک لاکھ 70 ہزار 817 کورونا کے  کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں ایک سال کے دوران کورونا کے 70 ہزار تین کیسز اور دو ہزار 70 اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجموعی طور پر کورونا کے  44 ہزار 106 کیسز اور 496 اموات، بلوچستان میں 19 ہزار 38 کیسز اور 200 اموات، آزاد جموں و کشمیر میں 10 ہزار 147 کیسز اور 297 اموات جبکہ  گلگت بلتستان میں ایک سال کے دوران  چار ہزار 956 کیسز اور 200 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔