ملتان سلطانز کے بلے بازوں کا لاٹھی چارج، کراچی کنگز کو اتنا ہدف دیدیا کہ مداح بھی حیران رہ جائیں

ملتان سلطانز کے بلے بازوں کا لاٹھی چارج، کراچی کنگز کو اتنا ہدف دیدیا کہ مداح ...
ملتان سلطانز کے بلے بازوں کا لاٹھی چارج، کراچی کنگز کو اتنا ہدف دیدیا کہ مداح بھی حیران رہ جائیں
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نوویں میچ میں ملتان سلطانز نے محمد رضوان اور جیمز وینس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو جیت کیلئے 196 رنز کا ہدف دیدیا ہے، محمد رضوان نے 43 رنز بنائے جبکہ جیمز وینس نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو محمد رضوان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 53 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر کرس لین عماد وسیم کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 14 گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ 
محمد رضوان اور جیمز وینس نے کرس لین کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت ملنے والے مومینٹم کو برقرار رکھا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 70 رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعی سکور 123 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر محمد رضوان ارشاد اقبال کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں باﺅنڈری کے قریب محمد نبی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، وہ 32 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنا سکے۔ جارحانہ بلے بازی کرنے والے جیمز وینس بھی ارشاد اقبال کو چھکا لگانے کی کوشش میں باﺅنڈری کے قریب کولن انگرام کے ہاتھوں کیچ ہوئے، انہوں نے 29 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ 
ملتان سلطانز کے بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے غیر ملکی کھلاڑی ریلی روسو خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور 148 کے مجموعی سکور پر وہ بھی ڈینیل کرسچن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے چار گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے سات رنز بنائے۔ خوشدل شاہ صرف چھ رنز بنانے میں کامیاب ہوئے اور 173 کے مجموعی سکور پر وقاص مقصود نے انہیں کلین بولڈ کر دیا۔ شاہد خان آفریدی بھی مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہے اور 182 کے مجموعی سکور پر محمد عامر کی گیند پر محمد نبی کے ہاتھوں کیچ ہوئے، وہ صرف تین رنز بنا سکے۔ صہیب مقصود نے بھی رنز کی بہتی گنگا میں اپنے ہاتھ دھوئے اور 27 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
کراچی کنگز کی جانب سے ارشاد اقبال سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں 36 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عماد وسیم، ڈینیل کرسچن، محمد عامر اور وقاص مقصود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، بابراعظم، کولن انگرام، جو کلارک، ڈینیل کرسچن، محمد نبی، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشاد اقبال شامل ہیں۔ 
ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کرس لین، جیمز وینس، ریلی روسو، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، شاہد خان آفریدی، کارلوس بریتھ ویٹ، سہیل خان، عثمان قادر اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔ 

مزید :

PSL -PSL News Update -کھیل -